وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کسانوں کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے احکامات دیے ہیں کہ وفاقی حکومت کسانوں سے گندم کی خریداری کرے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی حکومت کا گندم خریداری کا ہدف 14 لاکھ ٹن سے بڑھا کر 18 لاکھ میٹرک ٹن کردیا۔
مزید پڑھیں
شہباز شریف نے پاسکو کو احکامات جاری کیے ہیں کہ فوری طور کسانوں سے گندم کی خریداری کی جائے اور بڑھائے گئے ہدف کے مطابق گندم خرید کی جائے۔
وزیراعظم نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاسکو گندم کی خریداری کے دوران شفافیت کو برقرار رکھے۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے گندم کی فی من قیمت 3900 روپے مقرر کی گئی ہے، لیکن کسانوں کی جانب سے شکایات سامنے آرہی ہیں کہ ہم سے 3200 روپے من گندم خریدی جارہی ہے۔
اس سے قبل محکمہ خوراک پنجاب نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ہمارے گوداموں میں 23 لاکھ ٹن گندم پہلے سے ہی موجود ہے۔ تاہم وزرا کی 3 رکنی کمیٹی گندم کی خریداری کے حوالے سے پالیسی کا اعلان کرے گی۔