جوڈیشل کمپلیکس کے باہر ہنگامہ آرائی: تحریک انصاف کے رہنماؤں کی ضمانت منظور

پیر 20 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انسدادِ دہشت گردی کی اسلام آباد عدالت نے جوڈیشل کمپلیکس کے باہر ہنگامہ آرائی کے مقدمہ میں نامزد تحریک انصاف کے 5 رہنماؤں کی عبوری ضمانت دو ہفتوں کے لیے منظور کرلی ہے۔

عمران خان کی گزشتہ ہفتہ جوڈیشل کمپلیکس میں پیشی کے موقع پر ہنگامہ آرائی کے مقدمہ میں نامزد پی ٹی آئی رہنما اسدعمر، راجہ خرم، علی نواز، مرادسعید، شہزادوسیم اور زلفی بخاری اپنے وکلا کے ہمراہ انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہوئے۔

تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے ضمانت کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجہ جواد نے کہا کہ دو ہفتوں کی عبوری ضمانتیں اس لیے دے رہے ہیں تاکہ شیلنگ سے بچتے ہوئے سکون سے روزے رکھے جاسکیں۔

جج نے پی ٹی آئی رہنماؤں سے کہا کہ اس بار تو پولیس نے آپ پر ڈکیتی کی دفعہ بھی لگا دی ہے۔ ملزمان کے وکیل بابراعوان نے عدالت کو بتایا کہ نئے مقدمات میں نئی ضمانتیں دائر کر رہے ہیں۔ جس پر جج راجہ جواد بولے؛ پرانی سے تو نپٹ لینے دیں پھر نئی کو بھی دیکھتےہیں۔

عدالت نے اسدعمر، راجہ خرم، علی نواز، مرادسعید اور شہزاد وسیم کی تھانہ سی ٹی ڈی میں درج مقدمے میں عبوری ضمانتیں منظور کی گئی جب کہ زلفی بخاری کی تھانہ گولڑہ میں درج مقدمات میں بھی عبوری ضمانت منظور کرلی گئی ہے۔

جوڈیشیل کمپلکس اسلام آباد کے باہر گزشتہ ہفتہ کو پولیس سے تصادم، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کے بعد چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے 17 رہنماؤں کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت تھانہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp