کچے آم کے طبی فوائد جان لیں تو پھر آپ بھی خود کو نہ روک پائیں

بدھ 1 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

میٹھے رس بھرے پکے ہوئے آموں کو پھلوں کا بادشاہ کہا جاتا ہے لیکن کچے آم یا کیریاں بھی اپنے منفرد ترش ذائقے اور بےشمار طبی خواص کی بنا پر بھرپور توجہ کی مستحق ہوتی ہے۔

یہاں وہ چند وجوہات بتائی جارہی ہیں جن کی بنا پر آپ کو موسم گرما کی خوراک میں کچے آموں کو بھی جگہ دینی چاہیے۔کچے آم وٹامن سی سے مالا مال ہوتے ہیں۔ یہ وہ طاقتور اینٹی آکسیڈنٹ غذائی جزو ہے جو جسم کے مدافعتی نظام کو توانا رکھتا ہے، پٹھوں اور نسیجوں کو صحت مند رکھنے والے پروٹین کولاجن کی پیداوار بڑھاتا ہے اور جلد کو صحت مند اور شاداب رکھنے میں مددگار ہوتا ہے۔

کچے آم سے تیار شربت یا کیریوں سے بنائی گئی میھٹی چٹنی کھاکر اور اچار سے لطف اٹھا کر آپ انفیکشنز کے خلاف اپنے جسم کے دفاعی نظام کو مضبوط کرسکتے ہیں اور جلد کو بھی شگفتہ اور پُرکشش رکھ سکتے ہیں۔

کچے آم میں جو کھٹاس ہوتی ہے، وہ غذا ہضم کرنے والے خامروں (انزائیم) کی پیداور بڑھا دیتی ہے اور معدے میں ان کے اخراج سے کھانا ہضم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ اس طرح بدہضمی اور پیٹ پھولنے کی شکایت دور ہوجاتی ہے۔ اپنی خوراک میں کیری شامل کرکے آپ معدے اور آنتوں کو صحت مند رکھ سکتے ہیں اور گرم موسم میں بدہضمی سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔

کچے آم میں پانی کی بھی اچھی مقدار ہوتی ہے جس سے گرم موسم میں جسم میں پانی کی وہ کمی کسی حد تک پوری ہوجاتی ہے جو پسینہ کے اخراج سے ہوسکتی ہے۔ کیری میں جسم کو ٹھنڈا رکھنے کی خصوصیات بھی پائی جاتی ہیں جس کی وجہ سے کچے آم کا شربت جسے ’پنا‘ کہا جاتا ہے، موسم گرما کا بہت مقبول مشروب گردانا جاتا ہے۔یہ مزیدار شربت لو لگنے کے برے اثرات سے بھی بچاتا ہے۔ لو لگنے کی وجہ سے سر میں درد، چکر آنے اور متلی کی شکایتیں بھی پنا پینے سے دور ہوجاتی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp