اے لیول کا پرچہ لیک ہوا، کیمبرج کی تصدیق

جمعہ 3 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کیمبرج انٹرنیشنل ایجوکیشن نے اے لیول کا پرچہ لیک ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا۔

کیمبرج انٹرنیشنل ایجوکیشن (سی آئی ای) نے اپنے فیس بک کے آفیشل پیج پر جاری بیان میں اے لیول کا ایک پرچہ لیک ہونے اور اس ضمن میں اپنی جاری تحقیقات کی تصدیق کی ہے۔

اپنے بیان میں سی آئی ای نے کہا، ’ہم 2 مئی کو اے لیول کے ریاضی کے پرچہ نمبر 9709 پیپر 12 کے لیک ہونے سے متعلق خدشات کو دور کر رہے ہیں۔ اس معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہیں اور کیمبرج اور برٹش کونسل کا اس ضمن میں قریبی رابطہ قائم ہے۔ ہم آپ کو اس حوالے سے کسی بھی نئی معلومات کے بارے میں آگاہ کریں گے تاہم فیس بک کمنٹس یا براہ راست پیغامات کے ذریعے مطلع نہیں کیا جائے گا۔‘

اپنے بیان میں کیمبرج انٹرنیشنل ایجوکیشن نے امتحانات میں شفافیت کو قائم رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ وہ سی آئی ای امتحانات کے انعقاد کے ذمہ دار ادارے برٹش کونسل کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اے لیول کا ریاضی کا پرچہ لیک ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں جس پر طلبہ نے سوشل میڈیا پر اپنے مستقبل کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا تھا۔ سی آئی ای کی جانب سے جاری بیان کے بعد واضح ہوگیا ہے کہ پرچہ لیک ہونے کی اطلاعات درست تھیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp