رہنما تحریک انصاف شیر افضل مروت کار حادثے میں بال بال بچ گئے ہیں، فتح جھنگ کے قریب ان کی گاڑی کی دو بلٹ پروف ٹائر یکے بعد دیگرے پھٹ گئے تاہم معجزانہ طور وہ اور ان کے ڈرائیور دونوں محفوظ رہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر حادثے کی تفصیل بتاتے ہوئے شیر افضل مروت کے پیغام کا ابتدائی جملہ کچھ یوں تھا؛ موت کے فرشتے کی ایک اور مِس کال۔
’فتح جھنگ کے قریب صبح ساڑھے 4 بجے ڈی آئی خان سے واپس آتے ہوئے میری بکتر بند مرسڈیز کار کے دو مسافر سائیڈ ٹائر ایک کے بعد ایک سیکنڈ میں پھٹ گئے۔‘
Yet another missed call by the angel of death:
While returning from D.I.Khan at about 4.30 am near Fateh Jhang, the two passenger side tyres of my armoured Mercedez car burst one after the other within a second. Izhar was driving the vehicle and the car speed was 150 KM/Hour. I…
— Sher Afzal Khan Marwat (@sherafzalmarwat) May 5, 2024
شیر افضل مروت نے لکھا کہ اظہار گاڑی چلا رہا تھا اور گاڑی کی رفتار 150 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔ ’میں نے اپنی کار کو سڑک پر چکراتے اور گھومتے ہوئے دیکھا اور معجزانہ طور پر بائیں طرف کی کھائی اور سڑک پر بھاری ٹریلرز سے بچ نکلے۔‘
پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی کے مطابق گاڑی تقریباً آدھا کلومیٹر تک سڑک پر تیرتی اور گھومتی رہی اور اس دوران انہوں نے اظہار کو اسٹیئرنگ کنٹرول کرنے میں مدد کی۔ ’ہم محفوظ رہے اور ہماری حفاظت ہمارے کارکنوں اور خیر خواہوں کی دعاؤں کی مرہون منت ہے۔‘
شیر افضل مروت نے مزید لکھا ہے کہ وہ 3 گاڑیوں میں اپنی منزل کی جانب رواں دواں تھے اور انہیں کوئی غیر معمولی چیز نظر نہیں آئی سوائے اس کے کہ دو بلٹ پروف ٹائروں کا ایک سیکنڈ میں پھٹ جانا جو ان کے نزدیک غیر معمولی بات ہے۔ ’ہمارے ساتھ ہمدردی کرنے کے لیے آپ میں سے ہر ایک کا شکریہ۔‘