’میرے بچے کو واپس لے آؤ‘ مگر مچھ کی بازیابی کے لیے انوکھی اپیل

ہفتہ 11 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی ریاست جارجیا کے شہر برنزوک کے رہائشی جوئے ہینی نے کہا ہے کہ ان کے 1 اعشاری 7 میٹر لمبے پالتو مگر مچھ ’ویلی‘ نے قریباً ایک دہائی تک ان کا ڈپریشن دور کرنے میں مدد کی تھی، ان کی منفرد جوڑی نے ہی سوشل میڈیا پر دسیوں ہزار فالوورز حاصل کیے تھے، پلیز میرے بچے کو واپس لے آؤ۔

سکائی نیوز کے مطابق امریکی ریاست جارجیا کے شہر برنزوک میں جوئے ہینی کے گھر کے قریب واقع ایک بیرونی انکلوژر سے ان کے پالتو مگر مچھ ’ویلی‘ کو چوری کرلیا گیا ہے۔ اس سے پہلے کہ وائلڈ لائف حکام مگر مچھ کو لے جا کر درجنوں میل دور 4 لاکھ 38 ہزار ایکڑ پر پھیلے دلدل کے جنگل میں آزاد کر دیتے۔

ٹک ٹاک پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں جوئے ہینی نے کہا ہے کہ ہمیں اپنے بچے کو واپس لانے کے لیے ہر ممکن مدد کی ضرورت ہے۔ براہ مہربانی، ہمیں آپ کی مدد کی ضرورت ہے۔ پنسلوانیا میں رہنے والے مسٹر ہینی گزشتہ ماہ ’ویلی‘ کو اپنے ساتھ بندرگاہی شہر برنزوک لے گئے تھے۔

جارجیا کے محکمہ وائلڈ لائف نے تصدیق کی ہے کہ انہیں 21 اپریل کو علاقے میں ایک پریشان کن مگر مچھ کی اطلاع ملی تھی اور اسے پکڑنے کے لیے ایک تربہت یافتہ اہلکار بھیجا گیا تھا۔ پکڑے گئے تمام رینگنے والے جانوروں کو دور دراز مقام پر چھوڑ دیا گیا تھا لیکن انہیں یہ معلوم نہیں ہے کہ ان میں’ویلی‘ شامل تھا یا نہیں۔

مسٹر ہینی نے رواں ہفتے کے اوائل میں ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا تھا کہ وائلڈ لائف اہلکار آیا تھا اور ’ویلی‘ کو پکڑ کر 20 دیگر مگر مچھوں کے ساتھ دلدل میں چھوڑ آیا تھا۔ دلدل بہت بڑی اور گہری ہے اور وہاں ’ویلی‘ کو تلاش کرنے کے امکانات بہت کم ہیں۔

مسٹر ہینی نے اپنے پرستاروں پر زور دیا ہے کہ وہ میرے پیارے رینگنے والے جانور کی تلاش میں شامل ہو کر اپنی جان کو خطرے میں نہ ڈالیں، میں صرف معلومات چاہتا ہوں۔ ہم نے مگر مچھ کی ممکنہ بازیابی کے لیے قائم کردہ فنڈ ریزنگ پیج پر 8 ہزار ڈالر سے زیادہ جمع کرلیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم صرف اتنا چاہتے ہیں اور ایمانداری سے کہیں تو آپ صرف ہمیں ’ویلی‘ کی لوکیشن دے دیں۔ ہمیں ویلی کی بحفاظت واپسی یا اس معاملے کے لیے کسی دوسرے لائسنس یافتہ اہلکار کو انعام دینے میں بھی کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔ ’ویلی‘ کاٹتا نہیں اور اس کا کھانا اس کے حوالے کرنے سے پہلے مردہ ہونا ضروری ہے۔

جارجیا میں لوگوں کے لیے خصوصی لائسنس یا اجازت نامے کے بغیر مگرمچھ رکھنا غیر قانونی ہے اور ریاست کے قدرتی وسائل کے محکمے کا کہنا ہے کہ وہ مگرمچھوں کو گھروں میں رکھنے اجازت نہیں دیتے۔ تاہم پنسلوانیا میں مگر مچھوں کے مالکان کے خلاف کوئی ریاستی قانون نہیں، جبکہ مالکان کے لیے انہیں جنگل میں چھوڑنا غیر قانونی ہے۔

جوئے ہینی جو خود کو رینگنے والے جانوروں کو بچانے والا بتاتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ وہ ’ویلی‘ سے پہلی بار اس وقت ملے تھے جب ان کے دوست نے انہیں فلوریڈا میں پکڑا تھا۔ ’ویلی‘ کی مقبولیت میں گزشتہ سال اس وقت اضافہ ہوا جب انہیں فلاڈیلفیا میں بیس بال کے ایک مقابلے میں داخلے سے روک دیا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp