صدر مملکت آصف علی زرداری نے آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز بات چیت اور مشاورت سے مسائل کو حل کریں۔
صدر مملکت سے پیپلزپارٹی کے ممبران آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی نے ملاقات کی ہے اور اس دوران آزادکشمیر میں احتجاج کے باعث پیدا شدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مزید پڑھیں
صدر مملکت نے کہاکہ تمام اسٹیک ہولڈرز تحمل کا مظاہرہ کریں۔ سیاسی جماعتوں، ریاستی اداروں اور آزادکشمیر کے عوام کو ذمہ داری سے کام لینا چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ عوام کے مطالبات کو قانون کے مطابق پورا کیا جانا چاہیے، آزادکشمیر کے عوام کی شکایات پر وزیراعظم پاکستان سے بات کروں گا۔
آصف زرداری نے کہاکہ صحت، تعلیم، سیاحت، انفرانسٹرکچر سمیت آزادکشمیر کی اقتصادی ترقی کو ترجیح دی جائے۔
صدر مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ دور دراز علاقوں کو دیگر ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپ میں سب انسپکٹر کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا جبکہ زخمی ہونے والے افراد کی صحت یابی کے لیے دعا کی۔
واضح رہے کہ آزادکشمیر میں جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے زیراہتمام مطالبات کے حق میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، ریاست بھر سے قافلے مظفرآباد کی جانب رواں دواں ہیں۔
گزشتہ روز میرپور کے علاقے اسلام گڑھ میں مظاہرین کی فائرنگ سے ایک سب انسپکٹر شہید ہوگیا تھا۔
جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات میں سستی بجلی، سبسڈائز آٹا اور اشرافیہ کی مراعات ختم کرنے کے مطالبات سرفہرست ہیں۔