پاکستان ریلویز نے تیزگام ایکسپریس میں پریمیئم لاؤنج ڈائننگ کار کا اضافہ کردیا ہے،20 مئی سے تیز گام کے مسافر نئی ڈائننگ کارکی سہولیات سے مستفید ہوسکیں گے۔
پاکستان ریلویز کے اعلامیہ کے مطابق ڈائننگ کار کے مینیو میں سُوپ، برگر، پیزا اور کڑاہی سمیت 40 سے زائد کھانے دستیاب ہوں گے، ڈائننگ کار میں ایک وقت میں 35 مسافر کھانا کھا سکیں گے۔
تیز گام کے لیے خصوصی طور پر تیارکردہ اس پریمیئم لاؤنج کے افتتاح کے موقع پر سی ای او ریلوے عامر بلوچ نے امید ظاہر کی کہ نئی ڈائننگ کار کے اضافے سے مسافروں کا سفری تجربہ پہلے سے بہت بہتر ہو گا، چھوٹے پلیٹ فارمز کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔
سی ای او ریلوے عامر بلوچ نے بتایا کہ ریلوے کی آمدن 70 ارب روپے سے تجاوز کرچکی ہے، جو سالانہ آمدن کے ہدف سے 7 ارب زائد ہے، انہوں نے کہا کہ ریکارڈ ریلوے آمدن کے ثمرات سہولیات میں بہتری کی صورت مسافروں تک پہنچائے جائیں گے، راولپنڈی، ملتان اور لاہور اسٹیشنز پر مسافر یکم جون سے ایگزیکٹو واش روم کی سہولت سے استفادہ کرسکیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان ریلویز اس سے قبل بہاءالدین زکریا ایکسپریس میں پریمیم لاؤنج ڈائننگ کار متعارف کراچکی ہے، جس کی کامیابی پر اس نئی ڈائننگ کار کا دائرہ کار بڑھایا گیاہے، ریلوے حکام کے مطابق اگلے چند ہفتوں میں خیبر میل اور علامہ اقبال ایکسپریس میں بھی نئی ڈائننگ کار کا اضافہ کیا جائے گا۔