لاڈلوں کے فیصلے گھنٹوں میں آرہے ہیں، گورنر سندھ کی عدلیہ پر تنقید

بدھ 15 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ عدالتوں سے لاڈلوں کے فیصلے گھنٹوں میں آرہے ہیں، عدلیہ کو اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کرنا ہوگی۔

بدھ کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہاکہ ایسے ملکوں میں کون سرمایہ کاری کرے گا جہاں صبح شام فیصلے بدلتے ہوں، فیصلے آئین و قانون کے مطابق آنے چاہیئیں۔

انہوں نے کہاکہ عدلیہ کو ایسے فیصلے نہیں کرنے چاہیئیں جن پر 10 سال بعد ندامت ہو۔

کامران ٹیسوری نے کہاکہ عدلیہ کو خبروں کی زینت نہیں ہونا چاہیے بلکہ فیصلوں کی وجہ سے خبروں میں ہونا چاہیے۔

گورنر سندھ نے کہاکہ جس کا دل چاہتا ہے فوج اور اسٹیبلشمنٹ کو سیاست میں گھسیٹ لیتا ہے، لاڈلوں کے فیصلے گھنٹوں میں آرہے ہیں مگر عام عوام کے فیصلے نہیں آرہے۔

انہوں نے کہاکہ یہ وطن بڑی قربانیوں کے بعد ملا ہے، وقت آگیا ہے کہ ابھی نہیں تو کبھی نہیں، جو کرنا ہے ابھی کر ڈالو کیونکہ عوام معاشی بحران سے نکلنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ جو بات کررہا ہوں بڑے وثوق اور لوگوں کی رائے لے کر کررہا ہوں۔ افتخار چوہدری اور ثاقب نثار کے فیصلوں پر آج تنقید ہورہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp