الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب کے انتخابات ملتوی کیے جانے کے اقدام پر پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کا ردعمل آگیا۔
پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ انتخابات ملتوی کرنے کا مطلب آئین پر حملہ ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن آئین کی خلاف ورزی کر رہا ہے اور چیف الیکشن کمشنر پر آرٹیکل 6 کا اطلاق ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس حوالے سے پی ٹی آئی جلد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔
پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں الیکشن کمیشن کا مستقل موقف رہا کہ آئین میں ان کا اختیار ہی نہیں کہ انتخابات کی تاریخ کا اعلان کریں۔
انہوں نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ آج یہ آئین کی کون سی شق ہے جس کی بنیاد پر الیکشن کی نئی تاریخ کا اعلان کیا گیا ہے؟
الیکشن کمیشن کی جانب سے 30 اپریل کو پنجاب میں ہونے والے انتخابات ملتوی کیے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات ملتوی کرنے کا باضابطہ حکم نامہ جاری کیا گیا جس کے مطابق پنجاب میں الیکشن 8 اکتوبر کو ہوں گے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کے بعد الیکشن کمیشن نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو خط لکھ تھا جس کے بعد صدر مملکت نے 30 اپریل کو تاریخ دی تھی۔
آئین کا آرٹیکل 6 کیا ہے؟
پاکستان کے آئین کی دفعہ 6 سنگین بغاوت کے جرم کی تشریح کرتی ہے۔ اس دفعہ کے مطابق کوئی بھی شخص جو آئین کو غیر آئینی طریقے سے ختم کرے یا اس کی کوشش کرے سنگین بغاوت کا قصوروار قرار پائے گا۔














