پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ملک کے تیسرے بڑے سویلین اعزاز ستارہ امتیاز حاصل کرنے والے کم عمر ترین کھلاڑی بن گئے، اس سے پہلے یہ اعزاز سرفراز احمد کے نام تھا۔
گورنر ہاؤس پنجاب میں ہونے والی ایک پُروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والی شخصیات کو اعزاز سے نوازا گیا۔
گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے 28 سالہ بابر اعظم کو ان کی کارکردگی کی بنیاد پر انہیں ستارہ امتیاز سے نوازا۔
In The Start Of His Journey He Is A Ball Picker And Now He Is The Youngest Cricketer To Receive The Sitara-Imtiaz!
Breaking Records Is Babars Hobby
Oh My Captain 🔥#BabarAzam pic.twitter.com/916daziz4r— Babar Army👑 (@Babarsarmy) March 23, 2023
اگر بابر اعظم کی کارکردگی اور کیریئر کا ذکر کریں تو قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے اپنے کیریئر کا آغاز زمبابوے کے خلاف 2015ء میں کیا تھا اور پھر اگلے ہی سال یعنی 2016ء میں انہوں نے ٹی20 اور ٹیسٹ کرکٹ میں بھی اپنا ڈیبیو کرلیا۔
بابر اعظم نے 47 ٹیسٹ میچوں میں 48.63 کی اوسط سے 3 ہزار 696 رنز بنائے جبکہ 95 ایک روزہ مقابلوں میں انہوں نے 59.41 کی اوسط سے 4 ہزار 813 رنز بنائے۔ بابر اعظم نے اب تک 99 ٹی20 مقابلے کھیلے ہیں جن میں انہوں نے 41.41 کی اوسط سے 3 ہزار 355 رنز بنائے۔
بابر اعظم نے اپنے کیریئر میں متعدد بین الاقوامی اعزازات بھی حاصل کیے جن میں آئی سی سی کرکٹر آف دی ایئر اور سر گارفیلڈ سوبرز ٹرافی بھی شامل ہے۔
بابر اعظم کی کپتانی میں قومی ٹیم نے بھارت کو پہلی مرتبہ ٹی20 ورلڈ کپ میں شکست دی۔
بابر اعظم سے قبل جاوید میانداد، مصباح الحق، شاہد آفریدی، یونس خان، محمد یوسف، سرفراز احمد، سعید اجمل، انضمام الحق اور جاوید میانداد بھی یہ اعزاز اپنے نام کرچکے ہیں۔