مائکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ پلیٹ فارم پر ویریفائیڈ اکاؤنٹ رکھنے کے خواہشمند افراد کو اب اس کی قیمت ادا کرنا ہو گی۔
یہ اعلان اگرچہ نیا نہیں تاہم اس مرتبہ ٹوئٹر کا کہنا ہے کہ جو افراد ماضی میں اپنے پروفیشنز کی وجہ سے بلیوٹک کے حقدار رہے تھے اب انہیں بھی یہ انفرادیت برقرار رکھنے کے لیے رقم ادا کرنا ہو گی۔
ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کی ملکیت حاصل کرنے کے بعد مختلف نوعیت کے اقدامات کیے گئے تھے جن میں سے ایک ٹوئٹر پر ویریفائیڈ اکاؤنٹ رکھنے والوں کو بلیو بیج حاصل کرنے کے لیے سبسکرپشن کی سہولت بھی تھی۔
ٹوئٹر بلیو کے نام سے شروع کی گئی سروس کی ابتدا میں نئے اکاؤنٹس یہ سہولت حاصل کر سکتے تھے تاہم جو اکاؤنٹس ماضی میں ویریفائی ہونے کے بعد بلیو بیج سے مزین کیے گئے تھے وہ قیمت ادا کیے بغیر ایسا کر رہے تھے۔
جمعہ کو ٹوئٹڑ ویریفائیڈ کے اکاؤنٹ سے اعلان کیا گیا کہ یکم اپریل کے بعد اب لیگیسی اکاؤنٹس کو بھی اپنا ویریفائیڈ اسٹیٹس باقی رکھنے کے لیے رقم ادا کرنا ہو گی۔
On April 1st, we will begin winding down our legacy verified program and removing legacy verified checkmarks. To keep your blue checkmark on Twitter, individuals can sign up for Twitter Blue here: https://t.co/gzpCcwOpLp
Organizations can sign up for https://t.co/RlN5BbuGA3…
— Verified (@verified) March 23, 2023
یکم اپریم سے نافذالعمل سروسز کے متعلق دی گئی وضاحت میں بتایا گیا ہے کہ ’بلیو چیک مارکس باقی رکھنے کے خواہشمند افراد اور اداروں کو اب یہ سہولت‘ نئے طریقے کے مطابق حاصل کرنا ہو گی۔
ٹوئٹر بلیو/پیڈ ویریفیکیشن کے سبسکرائبرز کو کیا ملے گا؟
ٹوئٹر کے مطابق رقم ادا کرنے والے صارفین کو ٹویٹ ایڈیٹ کرنے کا آپشن ملے گا۔ وہ طویل دورانیے اور ہائی کوالٹی کی ویڈیوز اپ لوڈ کر سکیں گے۔ نیوی گیشن، بک مارک فولڈر اور ریڈر کی سہولت بھی مہیا ہو گی۔
ویریفائیڈ صارفین کی ٹویٹس کو ترجیح دی جائے گی۔ یہ واضح نہیں کہ ماضی کی طرح جعلی اکاؤنٹس بھی ویریفیکیشن حاصل کرتے ہیں تو انہیں بھی یہ سہولیات میسر ہوں گی یا نہیں۔
ٹوئٹر بلیو کے سبسکرائبرز کو جلد یہ سہولت بھی حاصل ہوگی کہ مفت صارفین کی نسبت انہیں کم اشتہارات دکھائے جائیں گے۔
رقم ادا کر کے اکاؤنٹس ویریفائی کروانے والے طویل دورانیے کی ویڈیوز بھی اپ لوڈ کر سکیں گے۔
ٹوئٹر بلیو لیبز کی جانب سے وقتا فوقتا متعارف کرائے جانے والے نئے فیچرز ان صارفین کو جلد میسر ہوں گے۔
قیمتا ٹوئٹر استعمال کرنے والے صارفین 4000 کیریکٹرز کی ٹویٹس کر سکیں گے۔ 30 منٹ کے دورانیے میں کسی ٹویٹ کو پانچ مرتبہ ایڈیٹ کر سکیں گے۔
ٹوئٹر صارفین اپنی پروفائل پکچر کو اپنے ملکیتی این ایف ٹی کے طور پر منتخب کر سکیں گے۔
پاکستانیوں کو ٹوئٹر بلیو کے لیے کتنی رقم ادا کرنا ہو گی؟
ٹوئٹر کے مطابق سبسکرپشن حاصل کرنے والے پاکستانی افراد اور اداروں کو دو مختلف اقسام کی ادائیگیوں کے ذریعے ٹوئٹر بلیو کی سروسز مہیا ہوں گی۔
اگر ٹوئٹر صارفین ماہانہ بنیادوں پر ادائیگی کرنا چاہیں گے تو انہیں 2250 روپے ادا کرنا ہوں گے۔ سال کی 27 ہزار روپے کی یہ رقم ماہانہ بنیادوں پر ادا کرنا ہو گی۔
البتہ کوئی صارف اگر یکمشت سال بھر کی رقم ادا کرے تو اسے ماہانہ 1975 روپے کے حساب سے سال کے 23700 روپے ادا کرنا ہوں گے۔