ذوالحج 1445ھ کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جمعہ 7 جون کو کراچی میں طلب کرلیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا محمد عبدالخبیر آزاد اجلاس کی صدارت کریں گے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ زونل اور ضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے متعلقہ مقامات پر ہوں گے۔
وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے کہا کہ ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے چاند کی رویت کا اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔
یاد رہے کہ ملک کے محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کے مطابق عید الاضحیٰ پیر 17 جون 2024 کو منائی جائے گی۔
میٹ آفس کے کلائمیٹ ڈیٹا پروسیسنگ سینٹر نے پیش گوئی کی ہے کہ ذوالحجہ کا ہلال چاند 6 جون کو شام 5 بجکر 38 منٹ پر پیدا ہوگا۔ کراچی میں غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 26 گھنٹے 8 منٹ ہوگی۔
پی ایم ڈی کے مطابق سورج غروب ہونے کے بعد چاند کے 72 منٹ تک نظر آنے کی امید ہے۔ نیز یہ کہ چاند نظر آنے کے لیے کم از کم 19 گھنٹے کا ہونا ضروری ہے۔
واضح رہے کہ اسلامی کیلنڈر میں ذوالحج سال کا آخری مہینہ ہے۔ اللہ نے قرآن مجید میں جن 4 حرمت والے مہینوں کا ذکر کیا ہے اس میں ایک ذوالحج کا مہینہ بھی ہے۔
یہ مہینہ مسلمانوں کے لیے مقدس ہے کیونکہ اسلام کے 5 بنیادی ارکان میں سے ایک اہم رکن ’حج‘ اسی ماہ میں ادا کیا جاتا ہے۔ ذوالحج کے مہینے کی آ8ویں، 9ویں اور 10ویں تاریخ کو امت مسلمہ حکم الٰہی کو بجالانے کے لیےمکۃ المکرمۃ میں اکٹھے ہوتے ہیں۔
جس طرح رمضان المبارک کے با برکت مہینے میں آخری 10 طاق راتوں کی خاص اہیمت ہے اسی طرح ذوالحج کے پہلے 10 بھی خصوصی اہمیت کے حامل ہیں۔