پاکستان میں آج کل گرمی کا سیزن اپنے عروج پر ہے تو اس سیزن میں گرمی کی حدت کم کرنے والا پھل تربوز بھی مارکیٹ میں آجاتا ہے۔ پاکستان میں رواں سال تربوز کو لال انجیکشن لگانے کی بحث بھی کافی رہی لیکن کیا کبھی آپ نے سوچا کہ جب آپ تربوز لے کر آتے ہیں اور اس کو فریج میں کس درجہ حرارت پر رکھتے ہیں؟ کہیں آپ کی اس غلطی کی وجہ سے تربوز خراب نہیں ہو جاتا۔
اکثر اوقات جب آپ کوئی بڑا تربوز خرید کر گھر لاتے ہیں تو ایک بار اہل خانہ کے اس پھل سے اچھی طرح مستفید ہونے کے بعد بھی تربوز کا ایک بڑا حصہ بچ جاتا ہے تو کیا آپ اس کٹے ہوئے تربوز کے باقی ماندہ حصے کو ریفریجریٹر (ڈیپ فریزر نہیں) میں محفوظ کرسکتے ہیں؟
طبی ماہرین کا یہ کہنا ہے کہ ایسا کیا جاسکتا ہے بلکہ ایسا ہی کرنا چاہیے۔ کٹے ہوئے تربوز کو فریج میں رکھنے سے اس کی تازگی برقرار رہتی ہے اور یہ ایک دو دن تک کھانے کے قابل رہ سکتا ہے۔
اگر تربوز اچھی طرح پکا ہوا ہے تو اسے سالم بھی فریج میں رکھا جاسکتا ہے اور اگر کٹ چکا ہے تو پھر اسے ریفریجریٹر میں رکھنا ہی بہتر ہے۔
فریج کے اندر کی ٹھنڈک پھل کی خرابی کے عمل کو سست کردے گی اور اس کا ذائقہ اور گودے کی حالت محفوظ رہے گی۔ پک جانے کے بعد پورا تربوز ریفریجریٹر میں رکھا جاسکتا ہے جہاں وہ ایک سے دو ہفتے تک محفوظ رہ سکتا ہے۔
اگر تربوز کی قاشیں محفوظ کرنی ہیں تو بہتر یہ ہے کہ چھلکے کے ساتھ ہی قاشیں محفوظ کی جائیں۔ ویسے صرف گودے کے کیوبز بھی ہوا بند کنٹینر میں رکھ کر یا انہیں پلاسٹک کی پنّی میں اچھی طرح لپیٹ کر فریج میں رکھا جاسکتا ہے۔
اس طرح پھل خشک ہونے یا پلپلا ہونے سے محفوظ رہے گا۔ ایسی حالت میں تربوز چار پانچ دن تک تازہ رہ سکتا ہے۔
اگر آپ ریفریجریٹر میں تربوز محفوظ کرنا چاہتے ہیں تو اس کے اندرکا درجہ حرارت تقریباً 4؍ ڈگری سینٹی گریڈ پر مستقل رکھیں۔ پھل کو فریزر کے اندربلکہ اس کے قریب بھی نہ رکھیں، فریزر کی قربت سے بھی اس کا حلیہ بگڑ سکتا ہے اور ذائقہ خراب ہوسکتا ہے۔