اسلام آباد اور کوئٹہ کی عدالتوں سے حسان نیازی کی ضمانتیں منظور

ہفتہ 25 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے ڈیوٹی جج احتشام عالم نے عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کی اسلام آباد کے تھانہ رمنا کے مقدمہ نمبر 206/23 میں ضمانت منظور کرلی۔ حسان نیازی کی ضمانت 30 ہزار کے مچلکوں کے عوض منظور کی گئی۔


پی ٹی آئی رہنماء حسان نیازی کو جوڈیشل میجسٹریٹ کوئٹہ جمیل احمد کے روبرو پیش کیا گیا۔ عدالت نے ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض حسان نیازی کی ضمانت منظور کرلی۔

عدالت نے پولیس کی پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی۔ حسان نیازی کو ائیر پورٹ تھانہ کوئٹہ میں پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف درج مقدمے میں گزشتہ روز اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا تھا۔

حسان نیازی نے جوڈیشل میجسٹریٹ کے روبرو اپنے بیان میں کہا کہ میرا قصور یہ ہے کہ میں عمران خان کا لیگل ایڈوائزر ہوں۔ عدالت نے ان کی ضمانت منظور کرلی۔

یاد رہے گزشتہ روز جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس نے حسان خان نیازی کو ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر کوئٹہ پولیس کے حوالے کیا تھا۔

کوئٹہ پولیس نے حسان خان نیازی کو کوئٹہ کے جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کرنے کے لیے راہداری ریمانڈ کی استدعا کی تھی جسے منظور کرتے ہوئے عدالت نے ریمارکس دیئے کہ حسان نیازی کے ایک روزہ راہداری ریمانڈ کو منظور کیا جاتا ہے۔

عدالت نے حکم دیا تھا کہ حسان خان نیازی کو تفتیشی افسر متعلقہ عدالت میں 25 مارچ کو پیش کرے۔ بعد ازاں کوئٹہ پولیس اسلام آباد کچہری سے حسان خان نیازی کو لے کر کوئٹہ روانہ ہو گئی تھی۔

حسان خان نیازی کے راہداری ریمانڈ کے لیے کوئٹہ پولیس کل اسلام آباد کچہری پہنچی تھی۔ 18مارچ کو عمران خان کے بھانجے اور فوکل پرسن کے خلاف کوئٹہ کے تھانہ ایئرپورٹ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp