وزیر داخلہ بلوچستان ضیااللہ لانگو نے کہا ہے کہ چمن کے لوگ سازشی عناصر سے دور رہیں، کچھ عناصر اشتعال پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ 8 ماہ پہلے نگراں حکومت نے فیصلہ کیا تھا کہ چمن بارڈر سے آمدورفت پاسپورٹ کے ذریعے ہوگی۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہاکہ چمن باڈر سے دہشتگردوں کی آمدورفت کے ثبوت پیش کیے گئے ہیں، یہ ملکی سلامتی کا معاملہ ہے۔
وزیر داخلہ نے کہاکہ چمن کے لوگ ہمارے ہیں اور ان کے مسائل بھی ہم نے دیکھنے ہیں، ذاتی کو ملکی مفادات سے بالاتر نہ سمجھا جائے۔
انہوں نے کہاکہ سیاسی جماعتیں حکومت اور عوام کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے کے بجائے لوگوں میں اشتعال پیدا کرتی ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہاکہ چمن کے لوگ اپنے مسائل سیاسی طور پر حل کریں، کچھ لوگ ڈپٹی کمشنر آفس پر حملہ آور ہوئے، آج بھی گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ چمن میں پھتراؤ کیا گیا جس سے سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے ہیں، جلاؤ گھیراؤ کے دوران بچے کے جاں بحق ہونے پر دکھ ہے۔
واضح رہے کہ چمن کے مقامی افراد کا دھرنا 7 ماہ سے جاری ہے جو بارڈر پر پاسپورٹ ٹریولنگ پالیسی کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔