ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ انسدادِ دہشت گردی کے حوالے سے منعقدہ پاکستان اور امریکا کی مشترکہ انفنٹری رائفل کمپنی ایکسرسائز 2024 مکمل ہوگئی ہیں، جس کی اختتامی تقریب میں دونوں ملکوں کے اعلی فوجی افسروں نے شرکت کی۔
پہلی بار انسداد دہشت گردی کے شعبے میں 29 جون کو شروع ہونیوالی پاکستان اورامریکا کے درمیان انفنٹری رائفل کمپنی ایکسرسائز کی اختتامی تقریب خیبر پختونخوا کے ضلع نوشہرہ کی تحصیل پبی میں قائم نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر میں منعقد ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل آفیسر کمانڈنگ 17 ڈویژن نے اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ امریکی فوج کے 34 انفنٹری ڈویژن کے کمانڈنگ جنرل میجر جنرل چارلس جی کیمپر نے بھی اختتامی تقریب کا مشاہدہ کیا، جہاں فوجیوں نے طرز عمل کے دوران پیشہ ورانہ مہارت کے اعلیٰ ترین معیار کا مظاہرہ کیا۔
’پاکستان اور امریکا کے درمیان انفنٹری رائفل کمپنی ایکسرسائز 2024 پہلی بار انسداد دہشت گردی کے شعبے میں منعقد کی گئی، 2 ہفتے طویل مشق 29 جون 2024 کو نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر، پبی، میں شروع ہوئی، دونوں پیشہ ور فوجوں سے ہر ایک نے کارکردگی اور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔‘
آئی ایس پی آر کے اعلامیہ کے مطابق انفنٹری رائفل کمپنی ایکسچینج کا مقصد مشقوں کے طریقہ کار کو بہتر بنانے کے علاوہ انسداد دہشت گردی کے تجربات کو بانٹنا تھا جو دونوں ممالک کو درپیش دائمی دہشت گردی کے خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے ضروری تھا۔
پاک امریکا مشترکہ مشقوں کے دائرہ کار میں نشانہ بازی کی مہارتوں کے ساتھ ساتھ شہری جنگ میں شامل حکمت عملی کی مہارتوں کے حصول سمیت انفرادی اور اجتماعی سطح پر مہارت حاصل کرنے پر توجہ مرکوز رکھی گئی تھی۔