ملک میں بڑھتی ہوئی بیروزگاری اور غیریقینی صورتحال کے باعث ہر کسی کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ اسے کہیں سرکاری نوکری مل جائے، ایسے میں کچھ جعل ساز عناصر اپنے تعلقات کا پرچار کرتے ہوئے نوجوانوں کے جذبات سے کھیلتے ہیں، اور نوکری دلوانے کا جھانسہ دے کر ان سے رقم بٹور لیتے ہیں، ایسا ہی ایک واقعہ اسلام آباد میں پیش آیا ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق اسلام آباد پولیس نے محکمے میں بھرتی کروانے کے بہانے لوگوں سے پیسے بٹورنے والے سابق پولیس آفیسر کو گرفتار کرلیا۔
یہ بھی پڑھیں اسلام آباد پولیس میں بھرتیوں کا اعلان، کتنی اور کون سی آسامیاں خالی ہیں؟
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف تھانہ رمنا پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزم محمد ادریس نے شہری سے بندہ بھرتی کروانے کے لیے رقم لی، ملزم محکمہ پولیس سے بطور اے ایس آئی ریٹائر ہوچکا ہے۔
ترجمان نے کہاکہ عوام سے گزارش ہے کہ بھرتی کے سلسلے میں کسی کو رقم کی آفر نہ کریں کیونکہ اسلام آباد پولیس میں تمام بھرتیاں میرٹ پر کی جاتی ہیں۔