جماعت اسلامی 12 جولائی کو اسلام آباد میں اعلان کردہ احتجاجی دھرنا عاشورہ کے پیش نظر 26 جولائی تک مؤخرکردیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ 26 جولائی کو اسلام آباد میں بھرپور طریقے سے دھرنا دیں گے۔ ’میں خود تمام شہروں میں جاکر میٹنگز کروں گا، تمام شہروں سے ہوتے ہوئے اسلام آباد پہنچیں گے۔‘
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ علمائے کرام کی اپیل پر اسلام آباد میں کل کا شیڈول دھرنا مؤخر کردیا ہے، عاشورہ کے بعد چاروں صوبوں میں جائیں گے اور لوگوں سے ملیں گے، پورے پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخوا اور سندھ سے قافلے اسلام آباد کی طرف نکلیں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ احتجاجی دھرنے میں ان کی تجویز ہوگی کہ بجلی کی قیمت میں اضافہ واپس لیا جائے، دھرنے کی طوالت کا سارا انحصار حکومت پرہوگا، اگر حکومت چاہتی ہے کہ دھرنا نہ ہوتو وہ عوام کو ریلیف دے۔
ان کا کہنا تھا کہ دھرنے کے پیچھے ان کا یا ان کی پارٹی کا کوئی ذاتی مفاد نہیں ہے، ان کا بنیادی مطالبہ یہی ہے کہ بجلی کے ٹیرف میں کمی کی جائے، یہ کہ 200 یونٹ استعمال کرنے والے صارف کو 3 مہینے کے لیے ریلیف دیا جائے گا، 3 مہینے کوئی چیز نہیں، ظلم و زیادتی ختم ہونی چاہیے۔
‘کمرشل اور رہائشی یونٹس طے ہونے چاہئیں، ہم اپنے چارٹر آف ڈیمانڈ کے ساتھ اپنی تحریک کو وسیع کررہے ہیں، جماعت اسلامی پرامن جماعت ہے، عاشورہ کے پیش نظر دھرنا مؤخر کیا ہے، خاص طور پر شیعہ مکتبہ فکر کے علمائے کرام نے ہم سے رابطہ کیا کہ ہم آپ کی حمایت کرتے ہیں لیکن اپیل کرتے ہیں کہ یوم عاشورہ کے باعث دھرنا مؤخر کیا جائے۔‘
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت کا کام ہے کہ وہ جمہوری آزادی فراہم کرے، اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ ہم نے حکومت کی وجہ سے دھرنا مؤخر کیا ہے تو ایسا نہیں ہے، ہم اسلام آباد پہنچیں گے اور ریلیف لے کر آئیں گے، 24 اور 25 جولائی کو کراچی سے قافلے اسلام آباد کی طرف روانہ ہوجائیں گے، 26 جولائی کو اسلام آباد میں دھرنا دیں گے۔
حافظ نعیم الرحمان کا آرمی چیف اور بیورو کریٹس سے اضافی مراعات چھوڑنے کا مطالبہ
لاہور میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ملک کا برین ڈرین ہورہا ہے، آرمی چیف اضافی مراعات چھوڑنے کا اعلان کریں، بیوروکریٹس سے بھی غیر ضروری مراعات واپس لی جائیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ملک میں کالج یونیورسٹیوں کے حالات خراب ہوتے جا رہے ہیں، سولر پینلز لگوانا مسئلے کا حل نہیں، پاکستان سے دولت اور لوگ دونوں باہر جارہے ہیں، بڑا جاگیردار عیش کر رہا ہے اور چھوٹا کسان پس رہا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ بجلی کا ٹیرف کم کیا جائے، ہمارے دھرنے کا مقصد لوگوں کو ان کا حق دلوانا ہے، جماعت اسلامی نے لیڈ نہ کیا تو قوم بالکل لیٹ جائے گی یا انارکی کی طرف چلی جائے گی۔