یورو 2024ء کا فائنل کون جیتے گا؟

جمعہ 12 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کو ہیں۔ 15 جون کو شروع ہونے والا یورو 2024ء فٹبال ٹورنامنٹ ایک مہینے بعد پاکستانی وقت کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی رات اختتام پذیر ہوجائے گا۔

جرمنی کے شہر برلن میں کھیلا جانے والا یہ میچ اس ٹورنامنٹ کا فائنل اور 51واں میچ ہوگا جو یورپ کی ٹاپ 2 ٹیموں اسپین اور انگلینڈ کے مابین کھیلا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: یورو 2024: برطانوی اسٹار فٹبالر جوڈ بیلنگھم جرابوں میں سوراخ کیوں کرتے ہیں؟

دنیا بھر کے خصوصاً یورپی فٹبال شائقین یورو 2024ء کے فائنل سے قبل مخمصے کا شکار ہیں، کوئی اسپین کو اگلا یورو چیمپیئن قرار دے رہا ہے تو کوئی انگلینڈ کو ٹرافی اٹھاتے دیکھ رہا ہے۔

’اسٹائل کا تصادم‘

نیویارک ٹائمز نے یورو 2024ء کے فائنل کو ’اسٹائل کا تصادم‘ قرار دیا ہے کیونکہ یہ میچ یورپ کی 2 مضبوط ترین ٹیموں کے درمیان کھیلا جارہا ہے۔ دونوں ٹیمیں دنیا کے بہترین اسٹائلش پلیئرز اور اسٹرائیکرز سے لیس ہیں جو کسی بھی لمحے گیم کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

اسپین کے 17 سالہ اسٹرائیکر لامین یمل اس ٹورنامنٹ میں اپنی منفرد گیم، پاسز اور گول پوسٹس پر تابڑ توڑ حملوں کی بدولت اپنی دھاک بٹھا چکے ہیں۔ ہسپانوی ریڈ شرٹس میں شامل ڈینی اولمو بھی فائنل میں انگلینڈ کو دھچکا پہنچا سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ترکش فٹبالر کے جشن منانے کا انداز جرمنی اور ترکیہ کے درمیان متنازع کیوں ہوگیا؟

انگلینڈ کی ٹیم میں تجربہ کار پلیئرز کے علاوہ نوجوان فٹبالرز بھی شامل ہیں جنہوں نے اپنے عمدہ کھیل کی بدولت اس ٹورنامنٹ میں انگلینڈ کی جیت میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ یورو مقابلوں میں انگلش کپتان ہیری کین کا ساتھ  کوبی مینو اور اولی واٹکنز جیسے فارورڈ اور مڈفیلڈرز دے رہے ہیں جو کسی بھی مخالف ٹیم کی دفاعی لائن کو چیرتے ہوئے گول کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

فیورٹ کون؟

گو کہ اسپین کو اس ٹورنامنٹ کے آغاز سے ہی سب سے فیورٹ ٹیم قرار دیا جارہا تھا، تاہم بعض تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ فائنل ٹاکرے میں انگلینڈ کی ٹیم بھی دنیا کو حیران کردینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

اسپین نے یورو 2024ء میں اب تک 6 میچ کھیلے اور تمام میچز میں واضح برتری حاصل کی۔ اسپین اس ٹورنامنٹ کی سب سے زیادہ گول اسکور کرنے والی ٹیم ہے جس نے کوارٹر فائنل مرحلے میں جرمنی اور سیمی فائنل میں ہیوی ویٹ فرانس کو شکست دی۔

دوسری جانب، انگلینڈ نے اپنے 6 میچز میں سے 5 جیتے اور ایک میچ برابر کھیلا۔ بیشتر میچز میں انگلینڈ کا سامنا نسبتاً چھوٹی ٹیموں سے ہوا۔ حتیٰ کہ کوارٹر فائنل میں سوئٹزرلینڈ اور سیمی فائنل میں مد مقابل رہنے والی نیدرلینڈز کی ٹیم کو بھی انگلینڈ کے ہم پلہ قرار نہیں دیا جاسکتا۔

سب سے زیادہ مرتبہ یورو چیمیئنز بننے کا اعزاز کسے حاصل ہے؟

اگر یورو 2024ء کے فائنل مقابلے میں اسپین نے انگلینڈ کو ہرا دیا تو وہ سب سے زیادہ یورو ٹورنامنٹ جیتنے والا ملک بن جائے گا۔ اسپین اور جرمنی 3 بار یہ ٹائٹل جیت چکے ہیں۔ اسپین 1964، 2008 اور 2012 میں یورو چیمپیئن بن چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کوپا امریکا کا بڑا اپ سیٹ، یوراگوئے نے برازیل کو ہرا کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا

انگلینڈ آج تک یورو کپ جیتنے میں کامیاب نہیں ہوا لیکن یہ یورو کا فائنل مسلسل دوسری بار کھیل رہا ہے۔ انگلینڈ 3 سال قبل لندن کے ویمبلے اسٹیڈیم میں اٹلی کے ہاتھوں پینلٹی شوٹ آؤٹ میں ہار گیا تھا۔ انگلینڈ کے کوچ گیرتھ ساؤتھ گیٹ کو یقین ہے کہ ان کی ٹیم اس مرتبہ یورو چیمپیئن ضرور بنے گی۔

 15 جولائی کو کھیلا جانے والا یورو فائنل کون سی ٹیم جیتے گی، یہ وقت ہی بتائے گا، لیکن ایک بات تو طے ہے کہ فٹبال شائقین کو ایکشن، تھرل، سنسنی اور تیزی سے بھرپور مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp