اسرائیلی شہریوں کی کراچی آمد، معاملہ کیا ہے؟

جمعہ 12 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

10 جولائی کو دبئی سے کولمبو جانے والی ایک غیرملکی ایئرلائن کی پرواز نے کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی اجازت مانگی۔ پاکستانی حکام نے ایئرلائن کی درخواست پر جہاز کو لینڈنگ کی اجازت دے دی۔ اس وقت تک کسی کو معلوم نہیں تھا کہ اس پرواز میں اسرائیلی شہری بھی موجود ہیں۔

ذرائع کے مطابق، غیرملکی ایئرلائن ’فلائی دبئی‘ کی پرواز کو ایک مسافرکی طبیعت خراب ہونے پر کراچی ائیرپورٹ پر  لینڈنگ کی اجازت دی گئی تھی۔ میڈیکل ایمرجنسی کی بنیاد پر کراچی لینڈ کرنے والی اس پرواز میں 2 اسرائیلی شہری بھی سوار تھے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان سمیت کون سے ممالک نے آج تک اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا؟

’اسرائیلیوں نے کولمبو پہنچ کر بتایا کہ وہ پاکستان میں رکے تھے‘

ذرائع کا کہنا ہے کہ غیرمتوقع طور پر پاکستان پہنچ جانے پر پرواز میں موجود اسرائیلی شہری پریشان ہوگئے اور صورت حال سے اسرائیلی حکام کو آگاہ کیا۔ اسرائیلی مسافروں نے کولمبو پہنچ کر سوشل میڈیا پر پوسٹ میں پاکستان جانے کا بتایا۔

ترجمان سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ غیرملکی پرواز نے مسافرکی طبیعت خراب ہونے پرہنگامی لینڈنگ کی اجازت مانگی تھی تاہم پروازمیں اسرائیلی شہریوں کی موجودگی کا انہیں علم نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کیا کبھی پاکستانی قیادت نے اسرائیل کا دورہ کیا؟ وزارت خارجہ نے وضاحت کردی

انہوں نے بتایا کہ پروازمیں موجود اسرائیلی شہریوں کے بارے میں کوئی ہدایت موصول نہیں ہوئی تھیں، پروازمیں جس خاتون مسافر کی طبیعت خراب ہوئی وہ سری لنکن شہری تھی جس کا دوران پرواز طبیعت خرابی کے باعث انتقال ہوگیا تھا۔

ترجمان کے مطابق، ڈاکٹر کی جانب سے موت کی تصدیق کے بعد خاتون کی میت سرد خانے بھیج دی گئی تھی، اس دوران فلائی دبئی کے طیارے سے کوئی مسافر باہر نہیں آیا تھا،  ضابطہ کی کارروائی مکمل ہونے پر فلائی دبئی کا طیارہ کولمبو کے لیے پرواز کرگیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیل سے 20 لاکھ روپے بھیجنے والے پاکستانی قانون کے شکنجے میں کیسے آئے؟

اس حوالے سے اسرائیلی اخبار ’ٹائمز آف اسرائیل‘ نے بھی اپنی خبر میں بتایا کہ فلائی دبئی کی پرواز نے بدھ کو رات دیر گئے کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔ اس دوران اسرائیلی شہریوں نے اسرائیلی وزارت خارجہ سے رابطہ کیا اور صورتحال سے آگاہ کیا۔

اسرائیلی وزارت خارجہ نے ایک جاری بیان میں بتایا کہ مذکورہ پرواز چند گھنٹے بعد (جمعرات کی صبح) کولمبو کے لیے روانہ ہوگئی تھی اور اس دوران خوفزدہ اسرائیلی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنالیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے اسرائیل کو آج تک تسلیم نہیں کیا، اس بنا پر کسی بھی اسرائیلی شہری کو پاکستان آنے کی اجازت نہیں۔ اسی طرح پاکستانی پاسپورٹ پر بھی واضح طور پر لکھا ہوا ہے کہ یہ اسرائیل کے علاوہ تمام ممالک کے لیے ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp