سری لنکا میں قید پاکستانی کب تک وطن لوٹ سکیں گے؟

ہفتہ 20 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی حکومت نے سری لنکا میں پھنسے پاکستانی قیدیوں کو وطن واپس لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے سری لنکا کے ہائی کمشنر ایڈمرل (ر) رویندرا چندرا سری وجے گونارتنے نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سری لنکا میں کئی برس سے قید پاکستانی شہریوں کی رہائی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : سری لنکا میں قید 43 پاکستانیوں کے اہل خانہ کے لیے خوشخبری

ملاقات میں گزشتہ کئی سال سے سری لنکا میں پھنسے پاکستانی قیدیوں کو 7 روز میں پاکستان واپس لانے کا فیصلہ کیا گیا، سری لنکا میں پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی کے لیے دونوں جانب سے ضروری کارروائی جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

سری لنکن ہائی کمشنر نے وزیر داخلہ کو پاکستانی قیدیوں کی رہائی کے لیے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے قیدیوں کی وطن واپسی کے لیے تعاون پر سری لنکن ہائی کمشنر کاشکریہ ادا کیا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو میں کہا کہ سری لنکا میں قید پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کے لیے تمام اقدامات کو جلد از جلد حتمی شکل دی جا رہی ہے، ملاقات میں انسداد منشیات اور بارڈر سکیورٹی کے امور پر بھی گفتگو کی گئی۔

محسن نقوی نے کہا کہ سری لنکا اور پاکستان کے درمیان تعلقات وقت کے ساتھ مضبوط ہوئے ہیں۔ باہمی تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کے لئےتیزی سے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انسداد منشیات اور بارڈر سکیورٹی کے حوالے سے باہمی تعاون کو فروغ دینا وقت کا تقاضا ہے۔

سری لنکن ہائی کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ سری لنکا پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کوبہت اہمیت دیتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp