پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے بھی مولانا فضل الرحمان سے خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے سے متعلق بات نہ کرنے کی تصدیق کردی، انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے اس ضمن میں کوئی گفتگو نہیں کی گئی۔ اس سے قبل چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر بھی مولانا فضل الرحمان کے اس بیان سے لاتعلقی کا اظہار کرچکے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما اسد قیصر نے جمیعت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کے بیان کا معاملہ اٹھایا۔ اسد قیصر نے موقف اپنایا کہ آپ سے ملاقات میں اسمبلی تحلیل کی بات نہیں کی گئی۔
مزید پڑھیں: فضل الرحمان سے کے پی اسمبلی تحلیل کرنے یا استعفوں سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی، پی ٹی آئی
اسد قیصر نے مولانا فضل الرحمان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملاقات میں ملک میں نئے انتخابات کا مطالبہ کرنے پر بات ہوئی، کیونکہ پی ٹی آئی اور جے یو آئی نئے انتخابات پر یکساں موقف رکھتی ہے۔ دونوں جماعتیں سمجھتی ہیں بحران سے نکلنے کا حل نئے انتخابات ہیں۔
دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے بھی خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل سے متعلق بات نہ کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان سے کسی ملاقات میں ایسی کوئی بات نہیں ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی نئے انتخابات کی صورت میں خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کے لیے تیار ہے، فضل الرحمان کا دعویٰ
واضح رہے کہ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف نئے انتخابات کی صورت میں خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کے لیے تیار ہے۔ جبکہ اسمبلیوں سے استعفوں پر بھی آمادہ ہے۔