بارشوں کی پیشگوئی، سی اے اے کا کراچی ایئر پورٹ کے لیے الرٹ جاری

پیر 22 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے محکمہ موسمیات کی بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر کراچی ایئرپورٹ کے لیے الرٹ جاری کردیا ہے۔

سی اے اے الرٹ میں آئندہ 24 گھنٹوں کے لیے رن وے اور اس کے آس پاس کے علاقوں کی نگرانی، چھوٹے طیاروں کو محفوظ مقامات پر کھڑا کرنا، ان کے پروں کو وزن کے ذریعے محفوظ بنانا، رن وے کے آس پاس کے علاقوں میں کیڑوں اور پرندوں کی موجودگی سے متعلق خدشات دور کرنے کی ہدایات شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آئندہ ہفتے کے دوران آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کی پیش گوئی

اس کے علاوہ، محفوظ فلائٹ آپریشنز کو یقینی بنانے کے لیے سی اے اے نے اضافی برڈ شوٹرز تعینات کیے ہیں اور بارش کے دوران کسی بھی حادثے سے بچاؤ کے لیے ایئرپورٹ ایریا میں بجلی کی تاروں کے جوڑوں کی مضبوطی یقینی بنائی جارہی ہے۔ رن وے پر نالوں کے ذریعے نکاسی آب کو برقرار رکھنے کی بھی ہدایات دی گئی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، کراچی میں آج شام یا رات کو بارش کا امکان ہے، بارش کا سلسلہ 27 جولائی جاری رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں گرمی، ‏وکیلوں نے کالا کوٹ پہننے سے استثنیٰ مانگ لیا

گزشتہ روز کراچی کے مختلف علاقوں میں قیامت خیز گرمی کے بعد الگ الگ اوقات میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی تاہم شہر میں حبس کم ہونے کے بجائے بڑھ گیا، سب سے زیادہ بارش اولڈ ائیرپورٹ کے مقام پر ریکارڈ کی گئی۔

دوسری جانب، محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور شدید حبس رہنے کا امکان ہے۔ تاہم کشمیر، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، بالائی خیبرپختونخوا اور جنوب مشرقی سندھ میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp