چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے فوکل پرسن حسان خان نیازی کی مشکلات میں کمی نہیں آرہی، جمعرات کے روز کراچی کی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما کی ضمانت منظور کی تو دوسری جانب نوشہرہ میں بغاوت کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
حسان نیازی کے خلاف مقدمہ شبیرالدین نامی شہری کی شکایت پر تھانہ کینٹ نوشہرہ میں درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں ایک شخص عوام کو بغاوت پر اکسا رہا تھا اور معلومات کرنے پر پتہ چلا کہ یہ حسان نیازی کی ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزم دیگر ساتھیوں کے ہمراہ دفاعی اداروں کے موجودہ اور سابقہ سربراہوں کو مخاطب کرکے دھمکیاں دے رہا تھا۔
واضح رہے کہ حسان نیازی کو 20 مارچ کو اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد 21 مارچ کو عدالت نے انکا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔
دوروزہ جسمانی ریمانڈ منظور ہونے کے بعد 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا تھا تاہم 24 مارچ کو انہیں راہداری ریمانڈ پر کوئٹہ پولیس کے حوالے کر دیاگیا تھا جہاں ان کے خلاف ایف آئی آر درج تھی۔
جمعرات کے روز کراچی کی عدالت میں حسان نیازی کی جب ضمانت منظور ہوئی تو اس وقت دلچسپ صورت حال پیدا ہوگئی جب پولیس سے ہتھکڑی کی چابیاں غائب ہوگئیں۔پی ٹی آئی رہنما ؤں کی جانب سے پولیس اہلکاروں کی تلخ کلامی بھی ہوئی۔