وزیراعظم کی ہدایت،کراچی میں گیس کی لوڈشیڈنگ کا مسئلہ ایک روز میں حل ہوگیا

جمعرات 30 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہبازشریف نے کراچی میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ ایک روز میں حل کرا دیا۔ناقص حکمت عملی پر حکام پر برس پڑے۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس ہوا جس میں کراچی میں رمضان المبارک کے دوران گیس کے دباؤ میں کمی، تعطل اور لوڈ شیڈنگ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ سحر و افطار میں شہریوں کو گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ماہ صیام میں گیس کی فراہمی کے حوالے سے جامع حکمت عملی اپنانی چاہیے تھی۔

مریم اورنگزیب کے مطابق وزیراعظم نے بدھ کے روز کراچی میں گیس فراہمی کی شکایات کا سخت نوٹس لیا تھا اور اب شہبازشریف کے احکامات پر ہنگامی طور پر عملدرآمد کر دیا گیا ہے۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ جمعرات کو منعقدہ اجلاس میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ کراچی میں گیس کے تعطل کا مسئلہ حل کر لیا گیا ہے۔

مریم اورنگزیب کے مطابق وزیراعظم نے ہدایت کی کہ گیس کی فراہمی کے عمل کی مسلسل نگرانی کی جائے اور اس میں کوئی کوتاہی نہیں ہونی چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp