پیرس: دریائے سین پر رنگارنگ افتتاحی تقریب، اولمپکس کا آغاز ہوگیا

ہفتہ 27 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پیرس کے مشہور دریائے سین پر رنگارنگ افتتاحی تقریب سے اولمپکس کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے۔ 205 ممالک کے دستوں کی کشتیوں کے ذریعے دریائے سین میں آمد ہوئی۔ اولمپکس کی 128 سالہ تاریخ میں پہلی بار افتتاحی تقریب دریا میں ہوئی۔ 205 ممالک کے 10 ہزار 714 ایتھلیٹس اولمپکس میں شریک ہیں۔ پیرس اولمپکس کی مشعل بھی روشن کردی گئی ہے۔

پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں خوبصورت مناظر اور دل کو چھو لینے والی موسیقی کے ساتھ مشہور گلوکارہ لیڈی گاگا اور فلم ٹائی ٹینک کا ٹائٹل سانگ گانے والی گلوکارہ سیلین ڈیان نے آواز کا جادو جگایا، افتتاحی تقریب میں 3 ہزار کے لگ بھگ فنکاروں نے پرفارم کیا۔

افتتاحی تقریب کے دوران روایتی انداز میں مختلف ملکوں کے دستوں کی آمد ہوئی، ایک کشتی پر دیگر 4 ممالک کے دستوں کے ہمراہ پاکستانی دستے کی آمد ہوئی، پاکستانی دستہ نیوزی لینڈ، عمان، یوگنڈا اور ازبکستان کے ساتھ آیا۔

مزید پڑھیں:آسٹریلوی ہاکی اسٹار انگلی کٹواکر اولمپکس میں شامل ہوگیا

پاکستانی دستے کی آمد کے موقع پر جیولین تھروور ارشد ندیم نے سبز ہلالی پرچم تھاما ہوا تھا، اُن کے ساتھ ایتھیلٹ فائقہ ریاض، سوئمرز جہاں آرا نبی، احمد درانی اور آفیشلز موجود تھے۔ پاکستانی شوٹرز کشمالہ طلعت، گلفام جوزف اور جی ایم بشیر ایونٹ کے مقام سے قریباً ساڑھے 3 گھنٹے کی مسافت کی وجہ سے افتتاحی تقریب میں شریک نہیں ہوسکے۔

2024 اولمپکس 1924 کے بعد پہلی بار پیرس میں کھیلے جائیں گے، یوں قریباً ایک صدی بعد پیرس ان اولمپکس کی میزبانی کر رہا ہے۔ اس سے قبل 1900 اور 1924 میں اس نے اولمپکس کی میزبانی کی تھی۔

پیرس نے 3 بار اولمپکس کی میزبانی کرنے والے دوسرے شہر کا اعزاز بھی اپنے نام کیا ہے۔ اس سے قبل لندن نے 1908، 1948 اور 2012 میں میزبانی کی تھی۔

پیرس اولمپکس گیمز کی افتتاحی تقریب کسی اسٹیڈیم میں نہیں بلکہ فرانس کے دارالحکومت پیرس کے مشہور دریائے سین کے ساتھ 6 کلومیٹر طویل راستے پر منعقد ہوئی، یہ فاصلہ آسٹرلٹز پل سے شروع ہو کر ایفل ٹاور کے زیرِ سایہ ٹروکیڈیرو میں باغات، فواروں اور محلات کے درمیان ختم ہوا۔

مزید پڑھیں:پیرس اولمپکس میں شریک فلسطینی باکسر وسیم ابوسال کو کن مشکلات کا سامنا ہے؟

قریباً 32 کھیل اس ایونٹ میں شامل ہیں اور ایونٹ کے متعدد کھیل فرانس کے دیگر 16 شہروں میں بھی ہوں گے۔

اس ایونٹ کی ایک دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ یہ پہلا اولمپکس ہوگا جس میں مرد اور خواتین ایتھلیٹس کی تعداد برابر ہوگی، 10 ہزار 500 کھلاڑیوں میں سے 5 ہزار 250 مرد اور 5 ہزار 250 ہی خواتین شامل ہیں ۔

واضح رہے کہ پیرس 26 جولائی سے 11 اگست تک سمر اولمپکس کی میزبانی کر رہا ہے، اس دوران 32 مختلف کھیلوں کے 329 ایونٹس منعقد ہوں گے جس میں دنیا بھر سے 10 ہزار سے زائد ایتھلیٹس حصہ لے رہے ہیں۔

پاکستانی شوٹرز کا مقابلہ آج ہوگا

پیرس اولمپکس میں پاکستانی شوٹرز کا مقابلہ آج ہوگا۔ دن 1 بجکر 30 منٹ پر گلفام جوزف 10 میٹر ائیر پسٹل جبکہ سہ پہر 3 بجکر 30 منٹ پر کشمالہ طلعت ویمن 10 میٹر ائیر پسٹل میں ایکشن میں ہوں گی۔

منتظمین کی غلطی، اولمپکس کا جھندا الٹا لہرا دیا

پیرس اولمپکس 2024 کی افتتاحی تقریب میں منتظمین نے مضحکہ خیز غلطی کرتے ہوئے اولمپکس کا جھندا الٹا لہرا دیا۔ اولمپکس کے سفید جھنڈے پر اولمپکس کا نشان الٹا ہونے پر منتظمین کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ اولمپکس کے آفیشل نشان میں 3 دائرے اوپر اور 2 دائرے نیچے ہیں جبکہ پیرس اولمپکس میں کی تقریب میں جھنڈا لہرایا گیا تو 2 دائروں کے نشان اوپر اور 3 نیچے تھے۔

وہ ممالک جن کی کوئی بھی خاتون ایتھلیٹ ایونٹ میں شریک نہیں

دنیائے کھیل کے سب سے بڑے میلے پیرس اولمپکس 2024 میں ایسے ممالک بھی ہیں جن کی کوئی بھی خاتون ایتھلیٹ ایونٹ میں شریک نہیں ہے۔ پیرس اولمپکس میں 7 ممالک ایسے ہیں جن کی کوئی بھی خاتون ایتھلیٹ ایونٹ میں شریک نہیں ہے۔ وسطی امریکا کے ملک بلیز، افریقی ملک گنی بساؤ، عراق، لیختینستائن، ناورو، صومالیہ اور یمن سے بھی کوئی خاتون ایتھلیٹ اولمپکس میں شامل نہیں۔

مزید پڑھیں:پیرس اولمپکس میں کوالیفائی کرنے والی پاکستانی شوٹر کشمالہ طلعت گولڈ میڈل جیتنے کے لیے پُرامید

دوسری جانب ایک ملک سولومون آئی لینڈ سے کوئی بھی مرد کھلاڑی پیرس اولمپکس میں شرکت نہیں کررہا۔ اس آئی لینڈ سے ایک خاتون ایتھلیٹکس اور ایک سوئمنگ میں شریک ہے۔

پہلا مثبت ڈوپ ٹیسٹ، عراقی ایتھلیٹ معطل

پیرس اولمپکس 2024 کا پہلا مثبت ڈوپ ٹیسٹ سامنے آگیا۔ عراقی جوڈو کے سجاد سہن کو مثبت ڈوپ ٹیسٹ آنے پر پیرس اولمپکس سے معطل کردیا گیا ہے۔ سجاد کا منگل کو ہونے والا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔عراقی ایتھلیٹ کے نمونے میں میتھن ڈائنن اور بولڈینن پایا گیا ہے۔ سجاد سہن کو جوڈو کے 81 کلوگرام کے مقابلوں میں حصہ لینا تھا۔

گوگل بھی پیرس اولمپکس کے رنگ میں رنگ گیا

دنیا کا سب سے بڑا سرچ انجن گوگل بھی پیرس اولمپکس 2024 کے رنگ میں رنگ گیا اور سمر اولمپکس کی مناسبت سے اپنا ڈوڈل تبدیل کر دیا۔ گوگل اپنے تخلیقی اور انٹرایکٹو ڈوڈلز کے لیے شہرت رکھتا ہے جو سال بھر مختلف، خصوصی تقریبات اور مواقع کی مناسبت سے تبدیل ہوتے رہتے ہیں۔

پاکستانی دستے میں 7 ایتھلیٹس اور 11 آفیشلز شامل ہیں

پیرس اولمپکس میں پاکستان صرف 3 کھیلوں ایتھلیٹکس، سوئمنگ اور شوٹنگ میں حصہ لے رہا ہے۔ پاکستان کے 18 رکنی دستے میں 7 ایتھلیٹس اور 11 آفیشلز شامل ہیں۔ 7 کھلاڑیوں میں صرف ایک ایتھلیٹ ارشد ندیم اور 3 شوٹرز کشمالہ طارق، غلام جوزف اور غلام مصطفیٰ بشیر نے کوالیفائی کرکے پیرس اولمپکس میں جگہ بنائی ہے۔

مزید پڑھیں:پاکستان ہاکی ٹیم کا اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے کا خواب چکنا چور

ایتھلیٹ فائقہ ریاض، تیراک محمد احمد درانی اور جہاں آرا نبی کو وائلڈ کارڈ انٹری کی وجہ سے پیرس جانے کا موقع ملا ہے۔ آفیشلز میں کوچز اور شعبہ میڈیکل کے لوگ بھی شامل ہیں ان میں محمد شفیق چیف ڈی مشن، جاوید لودھی ڈپٹی چیف ڈی مشن اور زینب شوکت ایڈمن آفیشل ہیں۔

پیرس اولمپک گیمز 2024: پاکستانی دستے سے وابستہ اُمیدیں

پیرس میں پاکستان کی میڈل کی واحد امید جیولین تھرو کے ہیرو ارشد ندیم ہیں ، ارشد ندیم کو چند ہفتے جنوبی افریقہ میں تربیت کا موقع ملا تاہم وہ زیادہ تر وقت لاہور کے پنجاب سٹیڈیم میں ٹریننگ کرتے رہے ہیں ، انہیں انجری کا بھی سامنا رہا جس کی وجہ سے انہیں لندن میں اپنے گھٹنے کی سرجری کرانی پڑی۔

ارشد ندیم دولتِ مشترکہ کھیلوں میں گولڈ میڈل اور ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ میں سلور میڈل حاصل کر چکے ہیں جو ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کی تاریخ میں پاکستان کا پہلا میڈل تھا۔

پاکستان نے ایتھلیکٹس میں آج تک اولمپکس میں کوئی میڈل نہیں جیتا ہے، جبکہ شوٹنگ میں کشمالہ طلعت سے بھی اچھی توقعات رکھی جارہی ہیں۔ 13 سال کی عمر میں مشغلے کے طور پر نشانہ بازی شروع کرنے والی 21 سالہ کشمالہ طلعت پیرس اولمپک گیمز میں میڈل جیتنے والی پاکستان کی پہلی خاتون بننے کی کوشش کریں گی۔

مزید پڑھیں:کیا اولمپکس 2028 میں کرکٹ کے مقابلے بھی ہوں گے؟

اولمپکس میں پاکستان کی ہاکی ٹیم مسلسل تیسری مرتبہ بھی شرکت سے محروم ہے، یہ مسلسل تیسرے اولمپکس ہیں جن میں پاکستان کی ہاکی ٹیم شریک نہیں، اس نے آخری بار 2012 کے لندن اولمپکس میں حصہ لیا تھا، جس میں وہ ساتویں پوزیشن پر آئی تھی۔

کھلاڑیوں کے کمروں میں ’اے سی‘ نہیں ہوگا

پیرس 2024 میں ایتھلیٹس کے کمروں میں ایئرکنڈیشن (اے سی) نہیں رکھا گیا ہے ، کیونکہ اس بار اولمپک گیمز کو ماحول دوست بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔ ائر کنڈیشنگ استعمال کرنے کے بجائے جن عمارتوں میں کھلاڑی قیام کریں گے وہ عمارت یا کمرے جدید طریقوں سے ڈیزائن کیے گئے تاکہ وہ قدرتی طور پر ٹھنڈی رہیں ، یعنی عمارتوں کو براہ راست سورج کی روشنی سے بچانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جو انہیں ٹھنڈا رکھنے میں مدد کرتا ہے۔

پیرس میٹرو میں اے آئی ٹرانسلیشن کی ڈیوائسز

ایونٹ کے انتظامات کو بہترین بنانے کیلئے پیرس کے پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کی انتظامیہ نے اپنے 3 ہزار سے زائد عملے کے ارکان کو اے آئی ٹرانسلیشن کی ڈیوائسز دی ہیں تاکہ ہزاروں سیاحوں کو اولمپک کے دوران راستہ تلاش کرنے میں مدد مل سکے، یہ اے آئی ڈیوائس فرانسیسی سمیت 16 مختلف زبانوں کا ترجمہ کر سکتا ہے۔

اولمپکس مشعل نے 16 اپریل 2024 کو اولمپیا یونان سے سفر شروع کیا

اولمپکس مشعل نے 16 اپریل 2024 کو اولمپیا، یونان سے سفر کا آغاز کیا تھا، جہاں کبھی قدیم اولمپکس منعقد ہوتے تھے، مشعل نے ایتھنز سے بحیرہ روم کا راستہ اختیار کیا، فرانس کے 400 قصبوں اور درجنوں سیاحتی مقامات سے گزرتے ہوئے کیریبین، بحر ہند اور بحرالکاہل میں مین لینڈ اور سمندر پار فرانسیسی علاقوں میں 12 ہزار کلومیٹر (7،500 میل) کا سفر طے کرتی ہوئی ایفل ٹاور تک پہنچ چکی ہے۔

فلسطینی دستے کا شاندار استقبال

فلسطینی دستے کا اولمپکس میں شرکت کے لیے پیرس پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔ اولمپکس میں شرکت کے لیے فلسطین کے 8 ایتھلیٹس پر مشتمل دستہ پیرس پہنچا تو ائیرپورٹ کے اندر اور باہر درجنوں افراد نے ایتھلیٹس کا استقبال کیا اور فلسطین کی آزادی کے حق میں نعرے لگائے۔

مزید پڑھیں:اسپیشل اولمپکس کے خاص کھلاڑی ہی حقیقی ہیروز ہیں

اس موقع پر فلسطینی فٹبال ایسوسی ایشن کے سربراہ جبریل رجب نے غیر ملکی خبررساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر فرانس واقعی فلسطینیوں کے حق خود ارادیت کی قدر کرتا ہے تو اولمپکس گیمز فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا ایک اچھا موقع ہیں۔

فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک 300 سے زائد فلسطینی ایتھلیٹس، ریفریز اور اسپورٹس آفیشلز شہید ہوچکے ہیں جبکہ غزہ میں کھیلوں کی تمام سہولیات بھی تباہ ہوچکی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp