روس نے پاکستان کو پیشکش کی ہے کہ وہ اسٹیل ملز کی بحالی کے لیے مدد کرنے کو تیار ہے۔
کراچی کونسل آن فارن ریلیشن کی پاک روس تعلقات پر ہونے والی تقریب میں روسی قونصل جنرل وکٹرووچ نے شرکت کی اور اظہار خیال کیا۔
یہ بھی پڑھیں پاکستان اسٹیل ملز بند ہو کر بھی سالانہ 30 ارب روپے کا نقصان کیسے کر رہی ہے؟
انہوں نے کہاکہ جنوبی ایشیا میں امن کے لیے روس نے ہمیشہ کردار ادا کیا، پاکستان اسٹیل ملز کا قیام دونوں ممالک کے تعاون کی ایک مثال ہے۔
روسی قونصل جنرل نے کہاکہ روس نے ڈپلومیٹک ویزا پر پاکستان کے ساتھ تعاون کیا، پاکستان میں گزشتہ 3 برس کے دوران مختلف حکومتیں ہونے کے باوجود سفارتی تعلقات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان اور روس کے درمیان حال ہی میں کئی اہم منصوبوں پر کام شروع ہوا ہے، دونوں ملکوں کے سربراہوں میں متعدد شعبوں پر بات ہوئی تھی۔
اس موقع پر انہوں نے کہاکہ روس پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کے لیے مدد کرنے کو تیار ہے، تاہم ضروری ہے کہ حکومت اور انتظامیہ اس میں سنجیدگی دکھائے۔
یہ بھی پڑھیں وفاقی کابینہ نے پاکستان اسٹیل ملز کو نجکاری پروگرام سے نکالنے کی منظوری دیدی
واضح رہے کہ وفاقی حکومت پاکستان اسٹیل ملز کو اسکریپ کرنے اور زمین کو دوسرے مقاصد کے لیے استعمال میں لانے کا فیصلہ کرچکی ہے۔