انٹیلیجنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے شہر سبی میں فائرنگ کے تبادلہ میں ایک دہشت گرد ہلاک کردیا ہے۔ دو زخمی دہشت گرد سمیت اسلحہ اور گولہ بارود کا ذخیرہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے شہر سبی کے جنوبی علاقے نوشمان میں دہشت گردوں کے ایک گروپ کو روکنے کے لیے انٹیلیجنس پر مبنی آپریشن شروع کیا گیا ہے۔دہشت گردوں نہ صرف علاقے میں شہریوں کو نشانہ بنانے بلکہ کوئلہ کان کے مالکان کو ہراساں کرنے میں بھی ملوث تھے۔
مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ دو دنوں سے دہشت گردوں کی آمدورفت سے متاثرہ علاقے میں مختلف راستوں پر متعدد گھات لگائی تھیں۔
’ان انتظامات کے ساتھ 3 دہشت گردوں کی ایک پارٹی کو ان کے ٹھکانے کی طرف بڑھتے ہوئے روکا گیا۔ جنہوں نے روکے جانے پر سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کردی۔‘
آئی ایس پی آر کے اعلامیہ کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک جب کہ دو زخمی ہوئے۔ سیکیورٹی فورسز نے اسلحہ اور گولہ بارود کا ذخیرہ بھی برآمد کر لیا گیا۔
’پاک فوج قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہے۔‘