پشاور کے علاقے دیر کالونی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے سکھ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے دکاندار کو قتل کر دیا۔
ایس پی صدر ڈویژن ملک حبیب خان نے واقعے کی تصدیق کر دی کرتے ہوئے وی نیوز کو بتایا کہ واقعہ تھانہ رحمان بابا کی حدود گڑھی عطاء محمد دیر کالونی روڈ پر پیش آیا ہے جہاں دیال سنگھ نامی شخص کی دکان پر 2 موٹر سائیکل سوار آئے اور فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دیال سنگھ موقع ہر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
انہوں نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کیے،ہمیں جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کے خول ملے ہیں تاہم مزید حقائق جاننے کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی جا رہی ہے۔
ایس پی نے بتایا کہ مقتول سکھ کا تعلق ضلع خیبر سے تھا اور وہ دیر کالونی میں ایک پنسار اسٹور چلا رہا تھا۔ابتدائی معلومات کے مطابق یہ کوئی ذاتی دشمنی نہیں لگ رہی بلکہ ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ لگتا ہے،تاہم پولیس حقائق جاننے کے لیے تفتیش کر رہی ہے۔
پولیس نے مقتول کی لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے خیبر میڈیکل یونیورسٹی منتقل کر دیا،فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی بڑی تعداد میں اہل خانہ اور سکھ برادری کے افراد جائے وقوعہ اور اسپتال پہنچ گئے۔