طوفانی بارشوں کےنتیجے میں لاہور ڈوب گیا، اہم عمارات میں بھی پانی داخل

جمعرات 1 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روز ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید بارشوں کے ریکارڈ قائم ہوئے۔ لاہور میں بھی بارشوں کا 44 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، اہم شاہراہیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں، چھتیں گرنے کے 2واقعات میں ایک بچی جاں بحق اور 5افراد زخمی ہوگئے۔

لاہور میں مسلسل بارش کی وجہ سے لیسکو کے فیڈرز بھی ٹرپ کرگئے، بارش کے باعث نقصان سے بچنے کے لیے دفاتر اور اسکولوں کو بند کر دیا گیا۔ اعداد وشمار کے مطابق ائیرپورٹ پر 300ملی میٹر بارش نے تمام ریکارڈ توڑ دیے۔

مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا میں بارشوں کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 19 ہوگئی، پی ڈی ایم اے

دریں اثنا کمشنر لاہور نے رین ایمرجنسی نافذ کردی، دفاتر اور اسکولوں کے سمر کیمپس میں چھٹی کا اعلان کر دیا۔ کمشنر لاہور کے مطابق لاہور میں تمام آفسسز کو چھٹی کر دی گئی، بارش کے باعث نقصان سے بچنے کے لیے دفاتر اور اسکولوں کو بند کردیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی لاہور سمیت دیگر شہروں میں پانی کی جلد نکاسی کا حکم دیدیا، وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پرمتعلقہ محکموں کے لیے الرٹ جاری کردیا گیا۔

لاہور میں مسلسل بارش کے باعث گلیاں، محلے اور سڑکیں تالاب بن گئی ہیں، شہریوں نے مختلف علاقوں سے ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں جن میں یہ مناظر باآسانی دیکھے جاسکتے ہیں۔

ایک صارف بیرسٹر سدرہ قیوم نے لکھا کہ لاہور میں ہنگامی صورتحال ہے متعدد انڈر پاسز پانی سے بھرے ہوئے۔ گلیوں میں اتنا پانی ہے کہ باہر نہیں نکلا جاسکتا اور بارش ابھی بھی جاری ہے بجلی کئی گھنٹوں سے غائب ہے۔

 

ایک اور صارف نے لکھا کہ لاہور کے سروس اسپتال کے بعد حاضر ہے جنرل اسپتال، لاہور شہر ڈوب چکا ہے، او شہری خوار ہوچکے ہیں۔

ایک صارف نے لکھا کہ صبح سویرے دفتر کے لیے روانہ ہوا، فیروز پور روڈ پر کاہنہ سے مزنگ تک بہت زیادہ پانی تھا، یہاں تک کہ بسوں میں بھی پانی گھس گیا۔

 

گاڑیوں کی مشہور ویب سائٹ پاک ویلز نے بھی اپنے سوشل میڈیا پر لاہور میں بارش کے بعد کے مناظر کی ویڈیوز شیئر کی ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے یکم اگست سے 6 اگست تک ملک میں شدید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ اعلامیے کے مطابق 31 جولائی  تا 6اگست کشمیر، مظفر آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش اورژالہ باری کا امکان ہے۔

اسلام آباد، سرگودھا سمیت مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور کئی مقامات پرطوفانی بارش بھی متوقع ہے۔ موسلادھاربارش سےاسلام آباد، راولپنڈی سمیت مختلف علاقوں میں پہاڑوں، ندی نالوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں بارشیں: مختلف حادثات میں 31 افراد جاں بحق، راولپنڈی اسلام آباد میں رین ایمرجنسی نافذ

محکمہ موسمیات کے مطابق 3 اگست سے 5 اگست تک خیبرپختخونخوا کے پہاڑی علاقوں، مری، گلیات، بلوچستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، شدید بارش آندھی اور گرج چمک کے باعث کمزور انفرا اسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

اعلامیے کے مطابق 2 اگست سے  6 اگست کے دوران بہاولپور بہاول نگر ڈیرہ غازی خان میں تیز ہوا گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشیں متوقع ہے، یکم اگست سے 6 اگست تک چترال، دیر، سوات، صوابی میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کی توقع ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp