دانیہ شاہ سے دوستی کے لیے حکیم شہزاد نے کیا کیا جتن کیے؟

جمعہ 2 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ٹی وی اینکر و سیاسی شخصیت ڈاکٹر عامر لیاقت حسین مرحوم کی بیوہ دانیہ شاہ کی اپنے ایک وکیل سے شادی کی خبریں عام ہوئیں جس کے بعد انہوں نے ایک باقائدہ تقریب منعقد کرلی۔ تقریب کی وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دانیہ شاہ اور ان کے دوسرے شوہر حکیم شہزاد کو دلہا دلہن کے روپ میں دیکھا جاسکتا ہے۔

مذکورہ تقریب کے دوران دانیہ شاہ اور حکیم شہزاد نے ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے اپنی شادی اور اس سے قبل پیش آنے والے کچھ واقعات پر روشنی ڈالی۔

یہ بھی پڑھیں: عامر لیاقت کی بیوہ دانیہ شاہ نے دوسری شادی کرلی، شوہر کون ہیں؟

دانیہ شاہ نے انٹرویو میں بتایا کہ شادی کے لیے ان کی جانب سے کوئی ڈیمانڈ نہیں تھی البتہ ان کے شوہر حکیم شہزاد نے اپنی رضامندی سے حق مہر میں گھر، ایک مہنگی گاڑی، زیورات اورنقدی لکھوادی۔

اس موقعے پر حکیم شہزاد نے کہا کہ انہوں نے دانیہ شاہ کو بطور حق مہر اپنے دل سمیت ساری جائیداد دے دی ہے اور یہی نہیں بلکہ آئندہ بھی وہ جومانگیں گی انہیں دیا جائے گا۔

حکیم شہزاد نے بتایاکہ انہیں سونے کے 4 سیٹ، 60 لاکھ روپے کی ایک گاڑی اور ایک گھر دیا ہے۔

’دانیہ سے دوستی کے لیے حکیم کی جدوجہد‘

انہوں نے دانیہ شاہ سے دوستی کے لیے خاصے جتن بھی کیے جس کی تفصیل بھی انہوں نے کھل کر بتادی۔

دانیہ شاہ کے شوہر نے بتایا کہ دانیہ سے دوستی کرنے کے لیے ساری نمازیں پڑھ ڈالیں، پیروں کے پاس تعویذ لینے بھی گئے اور درگاہیں پر بھی حاضریاں دیں لیکن وہ تھیں کہ ان سے دوستی کے لیے قابو میں ہی نہیں آرہی تھیں۔

حکیم شہزاد نے مزید کہا کہ دانیہ سے دوستی کے لیے پھر انہوں نے دانیہ کی والدہ سے درخواست کی کیوں کہ وہ چاہتے تھے کہ دونوں کا کوئی تعلق بن جائے یا کم از کم بات چیت کی حد تک ہی کچھ بات بنے۔

ارے یہ کیا۔۔۔

اب آگے کی روداد سناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچھ عرصے تک دوستی کرنے یا نہ کرنے کا جواب تو دانیہ شاہ نے نہیں دیا لیکن پھر ایک دن اچانک وہ ان سے پوچھ بیٹھیں کہ کیا آپ مجھ سے نکاح کریں گے؟

مزید پڑھیے: ڈاکٹر عامر لیاقت کی وفات کا معاملہ: بیوہ دانیہ شاہ کی درخواست پر سندھ ہائیکورٹ نے پولیس افسران کو نوٹس جاری کردیے

اب یہ سننا تھا کہ حکیم شہزاد کے پیروں تلے زمین نکل گئی کیوں کہ وہ تو دانیہ شاہ سے دوستی کرنا چاہتے تھے نہ کہ شادی جیسے کسی بندھن میں بندھتے۔

انہوں نے کہا کہ ’جب میں نے یہ سنا تو ایسا لگا جیسے مجھ پر بم گرگیا ہو کیوں کہ میں تو دوستی کرنا چاہتا تھا اور یہ تھیں کہ شادی کا پوچھ لیا‘۔

اب وہ دوستی کی بجائے شادی کے لیے کمر بستہ کیسے ہوئے اور اس دوران فریقین میں مزید کیا مذاکرات اس پر حکیم شہزاد نے کوئی روشنی نہیں ڈالی۔ بعد ازاں دونوں نے شادی بھی کرلی لیکن اس کی تشہیر نہیں کی۔ پھر کسی ’خیرخواہ‘ نے دونوں کی شادی کی خبر بھی پھیلادی جس کے بعد دونوں نے مناسب سمجھا کہ اس کا باقائدہ اعلان کرہی دیا جائے اور لگے ہاتھوں ایک تقریب بھی رکھ لی جائے۔

کچھ روز قبل دوسری شادی کی تصدیق سے متعلق دانیہ شاہ کا ویڈیو بیان سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ انہوں نےچند ماہ پہلے حکیم شہزاد سے شادی کر لی ہے۔ کچھ میڈیا رپورٹس کے مطابق حکیم شہزاد یہ چوتھی شادی ہے۔

’میں وہ وکیل نہیں‘

اب یہ معاملہ تو یہاں تک تھا لیکن دونوں کی شادی سے ایک اور وکیل پریشان ہوگئے۔ ہوا کچھ یوں کہ سائبر کرائم اور پراپرٹی کیس میں دانیہ کے وکیل لیاقت گبول ایڈووکیٹ نے اچانک ایک دن بیان دے دیا کہ انہوں نے دانیہ شاہ سے شادی نہیں کی ہے۔

مزید پڑھیں: وراثت میں حصے کے لیے دانیہ شاہ نے بیوہ کو بھی طلاق دلوانے والا وکیل چُن لیا

لیاقت گبول ایڈووکیٹ نے بتایا کہ یہ دانیہ شاہ کی اپنے وکیل سے شادی کی خبر پھیلنے کے بعد لوگ وہ وکیل انہیں سمجھ بیٹھے جس کے بعد لوگوں کے دھڑادھڑ میسجز آنے لگے اور سوشل میڈیا پر بھی انہیں دانیہ شاہ کے ساتھ ٹیگ کیا جانے لگا۔

انہوں نے کہا کہ انہیں خود دانیہ شاہ کی شادی کا علم سوشل میڈیا کے ذریعے ہوا اور وہ دانیہ شاہ کے نئے دلہے ہرگز نہیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ دانیہ شاہ کا سائبر کرائم اور پراپرٹی کا کیس ضرور لڑ رہے ہیں لیکن شادی وغیرہ سے ان کا کوئی تعلق نہیں اور یہ کام کسی اور وکیل کا ہے لہٰذا انہیں مبارکبادی کے پیغامات بھیج کر تنگ نہ کیا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp