وفاقی کابینہ نے چین کے ساتھ مفاہمتی یادداشت سمیت اہم منصوبوں کی منظوری دیدی

جمعہ 2 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں چین اور پاکستان کے درمیان تجارت کے فروغ کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی منظوری دے دی گئی۔

یہ فیصلہ وزارت تجارت کی سفارش پر کیا گیا ہے۔ اس مفاہمت نامے کا مقصد اسمارٹ فونز کی پیداوار، نئی الیکٹرک گاڑیاں، ٹیکسٹائل، زرعی مصنوعات کی پروسیسنگ، فارماسیوٹیکل مینوفیکچرنگ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی جیسے کئی اہم شعبوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے دوطرفہ تجارت کو فروغ دینا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:وفاقی کابینہ نے آپریشن عزم استحکام کی منظوری دیدی

وفاقی حکومت نے وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی سفارش پر نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز کے چارٹر سے متعلق قانون سازی کی بھی منظوری دے دی۔

کابینہ نے وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی سفارش پر بحرین کے تعاون سے قائم کی جانے والی کنگ حماد یونیورسٹی آف نرسنگ اینڈ ایسوسی ایٹڈ میڈیکل سائنسز کے قیام کے بل کی بھی منظوری دی ہے۔ یہ یونیورسٹی جدید دور کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستان میں تعلیم فراہم کرے گی۔

مزید پڑھیں:بجلی کی فی یونٹ قیمت 3 روپے مقرر، کابینہ نے منظوری دے دی

لاپتا افراد کے حوالے سے تشکیل دی گئی بین الوزارتی کمیٹی کی رپورٹ وفاقی کابینہ میں پیش کردی گئی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افغان جنگ کے بعد پاکستان دہشتگردی کی لپیٹ میں آگیا۔ دہشتگردی کی وجہ سے پاکستان کو بہت سے اندرونی چیلنجز کا سامنا ہے۔ لاپتا افراد سے متعلق کمیشن گزشتہ ایک دہائی سے کام کر رہا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:وفاقی کابینہ نے غیرقانونی افغان مہاجرین کے رجسٹریشن کارڈ میں ایک سال توسیع کی منظوری دیدی

وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے آخری دور اقتدار میں لاپتا افراد کے حوالے سے آل پارٹیز کمیٹی تشکیل دی تھی۔ فورم کو بتایا گیا کہ عبوری حکومت نے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھی رپورٹ کی تیاری میں تعاون کیا ہے۔

کابینہ نے کمیٹی کی سفارشات کی توثیق کرتے ہوئے ہر لاپتا شخص کے اہل خانہ کے لیے 50 لاکھ روپے کے پیکج کی منظوری دے دی ہے۔

لاپتا افراد سے وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے لاپتا افراد کے اہل خانہ کے لیے امدادی پیکج کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت انہیں مالی اور قانونی معاونت فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ لاپتا افراد کے ہر خاندان کو ان کی مالی مشکلات دور کرنے کے لیے 50 لاکھ روپے کی گرانٹ دی جائے گی۔

مزید پڑھیں:لاپتا افراد کے خاندانوں کے لیے امدادی پیکیج کا اعلان

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے لاپتا افراد کے معاملے پر قائم دو کمیٹیوں کی سفارشات کی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں گمشدگیوں کے واقعات کو روکنے کے لیے ریلیف دینے اور قانون سازی سمیت اقدامات کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیر قانون نے کہا کہ کابینہ نے متاثرہ خاندانوں کو مالی امداد کے لیے میکانزم تیار کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

مزید برآں نیشنل ڈیٹا بیس ریگولیٹری اتھارٹی (نادرا) اور ریونیو اتھارٹیز کو ان خاندانوں کے وراثت اور جائیداد سے متعلق مسائل حل کرنے کی ہدایات دی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کی وجہ سے ملک کو مختلف اندرونی چیلنجز کا سامنا ہے، گمشدگیوں کے واقعات کے پیچھے کئی پیچیدہ وجوہات ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp