خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی میں تحریک تحفظ آئین کے پلیٹ فارم سے جلسہ منعقد کیا گیا، جس میں تحریک تحفظ آئین کے سربراہ محمود اچکزئی، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور، صاحبزادہ حامد رضا اور دیگر نے شرکت کی، اور عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود اچکزئی نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ شہباز شریف کی قیادت میں چوروں کی حکومت اس ملک کو لے ڈوبے گی، ہم نے اس کا راستہ روکنا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں آئین کی بالادستی ہو، پاکستان قیامت تک قائم رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں تحریک انصاف کا صوابی میں جلسہ، عمران خان نے اپنے خطاب میں کیا کہا؟
انہوں نے کہاکہ پاکستان اس وقت بہترین ملک بنے کا جب انصاف کا بول بالا ہوگا، کسی قومیت کا قومیت پر جبر نہیں ہوگا، اور سب کی زبانوں کا احترام ہوگا۔
چوروں، ڈاکوؤں سے قوم کو حقیقی آزادی دلائیں گے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان اپنے موقف پر ڈٹ کر کھڑا رہا اور آج بھی ڈٹ کر کھڑا ہے، ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور ان چوروں، ڈاکوؤں سے اپنی قوم کو حقیقی آزادی دلائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان ہمارے بچوں کے مستقبل کی جنگ لڑرہا ہے، بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے کہ آج اگر ہم نے حقیقی آزادی نہ لی تو ہمیں آنے والی نسلیں معاف نہیں کریں گی۔
علی امین گنڈاپور نے کہاکہ عمران خان نے ہمیں پرامن رہنے کا کہا ہے، ہم اگست کے آخری ہفتے یا ستمبر کے پہلے ہفتے میں اسلام آباد میں جلسہ کریں گے، اگر انتظامیہ نے اجازت نہ دی تو پھر جلسہ ڈی چوک میں ہوگا، ہمیں کسی کا باپ بھی روک نہیں سکتا۔
انہوں نے کہاکہ جب تک ہمارے اندر خون کا ایک قطرہ بھی موجود ہے، عمران خان کے لیے لڑیں گے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہاکہ آج ملک میں دہشتگردی کا کوئی واقعہ ہو جائے تو افغانستان پر الزام لگایا جاتا ہے، میں سوال پوچھتا ہوں کیا تم نے ان کو مارنے کے لیے اڈے نہیں دیے تھے، تو اب کیا وہ تمہیں پھول بھیجیں گے۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان کے دور میں بجلی کا یونٹ 16 روپے میں مل رہا تھا، جبکہ آج بجلی کا یونٹ 70 روپے کا ہوگیا ہے، اس کے علاوہ ہمارے دور میں پیٹرول 145 روپے تھا۔
عمران خان اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں، بیرسٹر گوہر
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں سب کے لیے ایک ہی قانون ہو۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان ایک نظریے کا نام ہے، ہمارے کارکنوں اور خواتین کے ساتھ زیادتیاں ہوئیں لیکن سب ڈٹے رہے، یہ لوگ عمران خان کا بیانیہ نہیں مٹا سکے۔
انہوں نے کہاکہ ہمارا کسی کے ساتھ کوئی جھگڑا نہیں، ہم دھاوا نہیں بولنا چاہتے، لیکن اگر یہی طریقہ جاری رہا تو عوام مزاحمت کی طرف جائیں گے۔
بیرسٹر گوہر نے کہاکہ عمران خان چاہتے ہیں ملک میں عدلیہ آزاد ہو اور سب کے لیے ایک ہی قانون ہو، پابندی ان پر لگنی چاہیے جن کا بیان عالمی عدالت میں پاکستان کے خلاف استعمال ہوا۔
انہوں نے کہاکہ بشریٰ بی بی کی گرفتاری عمران خان پر پریشر ڈالنے کے لیے کی گئی، لیکن عمران خان جھکنے کے لیے کسی صورت تیار نہیں۔
ن لیگ پی ٹی آئی اور فوج کے درمیان دراڑ ڈالنا چاہتی ہے، عمر ایوب
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل و قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلم لیگ ن فوج اور پی ٹی آئی کے درمیان دراڑ ڈالنا چاہتی ہے جسے ہم نے ناکام بنانا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اس وقت ملکی معیشت کا جو حال ہے وہ موجودہ حکومت کی وجہ سے ہے۔ ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
اس وقت ملک میں کوئی آئین و قانون نہیں، اسد قیصر
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق اسپیکر اسد قیصر نے کہاکہ یہ جلسہ اس بات کا اعادہ ہے کہ ہم اس ملک کو آئین و قانون کے مطابق چلائیں گے، اس وقت جو کچھ ہورہا ہے ملک میں کوئی قانون نہیں۔
انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے ہمارے بھائی احتجاج پر ہیں، لیکن ان کی بات سننے کے بجائے گولیاں برسائی جارہی ہیں، اس کے علاوہ بنوں اور دیگر قبائلی علاقوں میں جو کچھ ہورہا ہے وہ بھی سب کے سامنے ہے۔
یہ بھی پڑھیں فوج کے ساتھ اچھے تعلقات نہ رکھنا بیوقوفی ہوگی، عمران خان
اسد قیصر نے کہاکہ خیبرپختونخوا کی حکومت کو ناکام بنانے کے لیے حربے اختیار کیے جارہے ہیں، اور وفاق صوبے کے پیسے ادا نہیں کررہا، مگر پھر بھی علی امین گنڈاپور ڈٹے ہوئے ہیں، اور مقابلہ کررہے ہیں۔
عمران خان استقامت کے ساتھ اپنے موقف پر ڈٹا ہوا ہے، صاحبزادہ حامد رضا
جلسہ سے خطاب میں سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے کہاکہ عمران خان استقامت کے ساتھ اپنے موقف پر ڈٹا ہوا ہے، ہم جعلی مینڈیٹ والے حکمرانوں کو نہیں مانتے۔
انہوں نے کہاکہ ہمارے تمام ارکان عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں، اور کوئی ٹوٹنے والا نہیں۔
سمتبر تک عمران خان کو نہ چھوڑا گیا تو اڈیالہ جیل کی طرف لانگ مارچ کریں گے، حماد اظہر
جلسے میں روپوش رہنما، پی ٹی آئی پنجاب کے صدر حماد اظہر نے بھی شرکت کی، اور اپنے خطاب میں کہاکہ ستمبر تک عمران خان کو نہ چھوڑا گیا تو اڈیالہ جیل کی طرف لانگ مارچ کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ میں عمران خان کی رہائی کے لیے خود منظر عام پر آکر پنجاب کے عوام کو لیڈ کروں گا، عوام سن لیں کہ اگر مجھے گرفتار کرکے تشدد کے ذریعے کوئی بیان لیا جاتا ہے تو اس پر یقین نہ کریں۔
انہوں نے کہاکہ میرا لیڈر کل بھی عمران خان تھا، آج بھی ہے اور آئندہ بھی رہے گا۔