شہباز گل: سالگرہ مبارک ہو آپ کو جج صاحب!
جج: مطلب اپریل فول کا میسج پہنچ گیا آپ کو۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل پر بغاوت کے کیس میں فردِ جرم عائد کرنے کی کارروائی ایک بار پھر مؤخر کردی گئی جب کہ دوران سماعت شہباز گل اور جج کے درمیان دلچسپ گفتگوہوئی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج طاہرعباس نے شہباز گل کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے کیس کی سماعت کی جس میں پی ٹی آئی رہنما عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت پیشی کے موقع پر شہباز گل نے جج طاہرعباس کو سالگرہ کی مبارکباد دی۔ جس پر جج طاہرعباس بولے؛ مطلب اپریل فول کا میسج پہنچ گیا آپ کو۔
جج طاہر عباس نے شہباز گل سے انکی بیرون ملک روانگی کا دریافت کیا تو پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا: ’آپ کی سالگرہ کی خوشی میں باہر جارہا ہوں۔‘
شہباز گل نے جج طاہر عباس سے کہا کہ جنرل شعیب کے فیصلے پر آپ کو سلام ہے۔ جس پر جج نے شکریہ ادا کرتے ہوئے استفسار کیا کہ آپ کی پاکستان واپسی کب ہے؟
شہباز گل نے کہا کہ دور جانا ہے تھوڑی مہربانی کردیں۔ اس موقع پر جج نے کہا کہ آپ کوکون سا پیدل جانا ہے۔
دورانِ سماعت شریک ملزم کے وکیل نے عدالت سے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ابھی موصول نہیں ہوا ہے۔ جس پر عدالت نے درخواست لکھ کر جمع کرانے کی ہدایت کردی۔
بعد ازاں عدالت نے شہباز گل پر فردِ جرم کی کارروائی مؤخر کرتے ہوئے سماعت 6 مئی تک ملتوی کردی۔