قومی اسمبلی نے پیرس اولمپکس میں ارشد ندیم کی شاندار کامیابی پر ستائشی قرارداد منظور کی گئی ہے۔ قرارداد میں ارشد ندیم کو اعلیٰ ترین سول ایوارڈ سے نوازنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔
قرارداد پیپلز پارٹی کی رکن سحر کامران نے 40 سال بعد پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کے لیے پیش کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم کو اولمپکس میں کامیابی اور سونے کا تمغہ جیتنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
قرارداد کے مطابق ارشد ندیم نے 92.97 میٹر جیولین تھرو پھینک کر پیرس اولمپکس میں ریکارڈ قائم کیا ہے۔ ایوان ارشد ندیم کی مسلسل محنت اور کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔ قرارداد میں کہا گیا کہ ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ ارشد ندیم کی بھرپور عزت افزائی کرے۔ حکومت کھیلوں کے فروغ کے لیے اقدامات اُٹھائے تاکہ دنیا میں پاکستان کا نام روشن ہو۔
مزید پڑھیں:92.97 میٹر کا ریکارڈ بنایا، اس سے بھی بہتر تھرو کرسکتا ہوں، ارشد ندیم
ارشد ندیم کو وطن واپسی پر انعام اور اعزاز میں ڈنر دیں گے، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ
سینیٹ اجلاس میں پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو مقابلے میں ارشد ندیم کو گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد پیش کی گئی۔ وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا بلاشبہ ارشد ندیم نے ملک کا نام روشن کیا، ارشد ندیم قومی ہیرو ہے یہ ایوان ارشد ندیم کو مبارکباد پیش کرتا ہے۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا کہ ارشد ندیم کو وطن واپس آنے پر انعام بھی دیں گے اور ان کے اعزاز میں ڈنر بھی دیں گے۔ سینیٹر ذیشان خانزادہ نے کہا ایوان کی جانب سے ارشد ندیم کے حق میں قرارداد پاس ہونی چاہیے، ہیرو کو خراج تحسین پیش کیا جانا چاہیے۔
سینیٹ اجلاس میں سینیٹر زرقا نے کورم کی نشاندہی کی تو،کورم نا مکمل ہونے پر سینیٹ اجلاس غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردیا گیا۔