وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اولمپکس 2024 میں پاکستان کو طلائی تمغہ دلواکر قوم کا سر فخر سے بلند کرنے والے ارشد ندیم کے نام سے منسوب اسپورٹس سٹی بنانے کا اعلان کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: 92.97 میٹر کا ریکارڈ بنایا، اس سے بھی بہتر تھرو کرسکتا ہوں، ارشد ندیم
مریم نواز نے اعلان کیا کہ پنجاب حکومت میاں چنوں میں ارشد ندیم اسپورٹس سٹی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اولمپیئن ارشد ندیم نے تمام مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے 40 سال بعد پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتا اور ساتھ ہی اولمپکس میں نیا ریکارڈ بھی بنایا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ارشد ندیم کی کامیابی ان کی محنت، لگن اور قومی جذبے کا ثبوت ہے۔ انہوں نے دیا کہ کہ پاکستان کا پرچم دنیا میں بلند کرنے والے ہر بیٹے اور بیٹی کو اللہ تعالیٰ ہمیشہ سربلند رکھے۔
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے قومی ہیرو ارشد ندیم کے لیے 10 کروڑ روپے کی انعامی رقم کا بھی اعلان کیا۔
مزید پڑھیے: گولڈ میڈل جیتنے کے بعد زاروقطار روتے ہوئے ارشد ندیم کی ویڈیو وائرل
مریم نواز نے نیزہ باز ارشد ندیم کی کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جشن آزادی پر ارشد ندیم نے گولڈ میڈیل جیت کر قوم کو یوم پاکستان کا تحفہ دیا ہے۔
یاد رہے کہ پیرس اولمپکس 2024 میں جمعرات کو مینز جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں ارشد ندیم نے92.97 میٹر کی تھرو کرکے نیا اولمپک ریکارڈ بناتے ہوئے پاکستان کو گولڈ میڈل جتوایا ہے۔