نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ سب مل کرعہد کریں کہ ہم نے سازش کا حصہ نہیں بننا اور ناراضگیوں کو چھوڑ کر پاکستان کو آگے لے کر چلنے کی ضرورت ہے، ملک میں ناراضگی کے نام پر تشدد کی اجازت نہیں دیں گے۔
کوئٹہ میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ قوم کو دل کی گہرائیوں سے یوم آزادی مبارک ہو، پاکستان تاقیامت قائم و دائم رہے گا، پاکستان ایک گلدستہ ہے اور وہ وقت دور نہیں جب پاکستان ترقی کرے گا۔
مزید پڑھیں: ملک بھر میں 78واں یوم آزادی روایتی جوش و جزبے سے منایا جارہا ہے
نائب وزیراعظم کہنا تھا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور صدر پاکستان آصف علی زرداری کی طرف سے دل کی گہرائیوں سے اہل بلوچستان و پاکستان کو جشن آزادی کی مبارک پیش کرتا ہوں، میری سب سے درخواست ہے کہ آئیں سب کو مل کر اتحاد و اتفاق سے پاکستان کو اس مقام پر پہنچائیں جس کا خواب قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال نے دیکھا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس ملک کے لوگوں میں ایک جذبہ ہے، بدقسمتی سے پاکستان جب ترقی کی راہ پرگامزن ہوا ہے تو کوئی ہاتھ اس کو گرا دیتا ہے،2017 میں پاکستان دنیا کا 24ویں بہترین معیشت بن چکا تھا اور دنیا کو یہ باور ہوچکا تھا اور لوگ بھارت کو بھولنے کی بات کررہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان کا امن تباہ کرنے والے ملک دشمن عناصر کا خاتمہ ضروری ہے، اسحاق ڈار
ان کا کہنا تھا کہ اس ملک کا اسٹاک ایکسچینج جنوبی ایشا کا نمبر ون اور دنیا کا 5واں اسٹاک ایکسچینج بن چکا تھا۔ تاہم، پاکستان دوبارہ اسلامی ممالک کا قلعہ بنے گا ہر فرد سکون و خوشحالی کی زندگی بسر کرے گا اس کے لیے سب کو مل کر اتحاد ویکجہتی پیدا کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان جی 20 میں شمولیت کے لیے اپنا سفر جاری رکھے ہوا ہے۔