امریکا کی نئی ڈپٹی چیف آف مشن نیٹلی بیکر اسلام آباد پہنچ گئیں، انہوں نے امریکی سفارت خانے میں ڈپٹی چیف آف مشن کے فرائض سنبھال لیے۔
پاکستان میں امریکی مشن نے ڈپٹی چیف آف مشن نٹالی اے بیکر کا خیر مقدم کیا۔
واضح رہے کہ ڈپٹی چیف آف مشن کے فرائض سنبھالنے سے قبل نیٹلی بیکر دوحہ قطر میں امریکی سفارت خانے میں ڈپٹی چیف آف مشن کے طور پر خدمات سر انجام دیتی رہیں۔ وہ امریکی محکمہ خارجہ کے بیورو آف نیئر ایسٹرن افیئرز میں دفتر برائے شمالی افریقی امور کی ڈائریکٹر بھی رہ چکی ہیں۔ جبکہ انہوں نے لیبیا میں امریکی مشن کے ڈپٹی چیف اور چارج ڈی افیئرز، دبئی میں امریکی قونصل خانے میں ایران کے علاقائی دفتر کے ڈپٹی ڈائریکٹر اور کویت میں امریکی سفارت خانے میں اکنامک قونصلر کے طور پر کام کیا۔ علاوہ ازیں عراق سے امریکی افواج کے انخلاء کی حمایت کے لیے محکمہ دفاع کے ساتھ بھی کام کرتی رہیں۔
2009 سے 2011 تک، نیٹلی بیکر نے لیبیا میں سیاسی اور اقتصادی مشیر کے طور پر کام کیا کیونکہ دو طرفہ تعلقات تقریباً 30 سال کے وقفے کے بعد معمول پر آ رہے تھے۔ لیبیا کے انقلاب کے دوران فروری 2011 میں امریکی سفارت خانے کو خالی کرتے وقت موجود رہیں۔
نیٹلی بیکر کی سابقہ دیگر اسائنمنٹس میں بیورو آف نیئر ایسٹرن افیئرز میں اسپیشل اسسٹنٹ، اسلام آباد پاکستان میں قونصلر آفیسر اور اشک آباد، ترکمانستان میں کلچرل آفیسر شامل ہیں۔
نیٹلی نے پرنسٹن یونیورسٹی سے بیچلر کی ڈگری اور ہارورڈ یونیورسٹی سے پبلک پالیسی میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کی۔ وہ نیشنل وار کالج، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی آف امریکا سے 2017 کی گریجویٹ ہیں۔