کوہاٹ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے ہیں اور کوہاٹ پولیس نے اس کی تصدیق کر دی ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) کوہاٹ شہزادہ عمرعباس نے وی نیوز کو بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ کوہاٹ کے علاقے تپی میں پیش آیاجہاں پولیس اہلکار موٹر سائیکل پر تراویح کی ڈیوٹی پر جا رہے تھے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عمر عباس کے مطابق فائرنگ سے دونوں اہلکار موقع پر ہی شہید ہو گئے جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا جہاں ان کی شناخت کانسٹیبل قاسم اور کانسٹیبل ایاز کے نام سے ہوئی۔
واقعہ کے بعد پولیس کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
ڈی پی او نے مزید بتایا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی جارہی ہے اور یہ بھی تحقیقات کی جارہی ہیں کہ حملہ کس نوعیت کا تھا۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں گزشتہ کچھ عرصے میں پولیس پر حملوں کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور کچھ روز پہلے لکی مروت میں حملے کے دوران ڈی ایس پی سمیت 4 اہلکار شہید ہوگئے تھے۔