جس نے بھی بندوق اٹھائی اس کا بندوبست کریں گے، وزیرداخلہ

جمعہ 30 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات پاکستان میں او آئی سی کانفرنس کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہیں، ایک سے زائد دہشتگرد تنظیموں نے مل کر دہشتگردی کی، جس نے بھی بندوق اٹھائی اس کا بندوبست کریں گے۔

سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ 26 اگست کو بلوچستان میں ہونے والا دہشتگردی کا واقعہ نارمل واقعہ نہیں ہے، یہ پوری منصوبہ بندی سے ہوا ہے، ایک سے زائد تنظیموں نے مل کر دہشتگردی کی ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ وزیردفاع بھی کہہ چکے ہیں کہ ہمیں بالکل کلیئر پتا ہے کہ اس دہشتگردی کے پیچھے کون ہے، ہمیں یہ بھی معلوم ہے کہ ایس سی او کانفرنس کو خراب کرنے کے لیے منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چھپ کر حملہ کرنے والے دہشتگرد ایک ایس ایچ او کی مار ہیں، وزیر داخلہ محسن نقوی

انہوں نے کہا کہ پاکستان اکتوبر میں او آئی سی اجلاس کی میزبانی کررہا ہے، بہت سارے لوگوں کو تکلیف ہے کہ یہ کانفرنس پاکستان میں نہ ہو۔
’حتی الامکان کوشش کریں گے کہ اسٹیک ہولڈر کو ایک جگہ جمع کریں، کل بھی اس حوالے سے بڑی اچھی میٹنگ رہی ہے، لیکن یہ واضح طور پر بتارہے ہیں کہ جس نے بندوق اٹھائی ہے، اس کا بندوبست کریں گے۔‘

اس سے قبل وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے  گورنر ہاؤس کوئٹہ میں گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل سے ملاقات کی، اس موقع پر وفاقی وزیرداخلہ نے بلوچستان میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات کی پرزور مذمت اور شہدا کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیا۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں پنجابیوں کے قتل کے پیچھے کون؟ محسن نقوی پھنس گئے

وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بلوچستان میں قیام امن کے لیے ہر سطح پر فوری اقدامات کیے جائیں گے، ایپکس کمیٹی میں فیصلہ ہوا ہے کہ  ریاست کے سامنے ہتھیار ڈالنے اور آئین پاکستان کو ماننے والوں سے صرف بات چیت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد گروہوں سے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے اور اس فتنے کا سرسختی سے کچلا جائے گا، وزیراعظم کی صدارت میں ایپکس کمیٹی میں ریاست کو نہ ماننے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ دہشتگردی کے واقعات میں ملوث کسی گروہ سے کوئی رعایت نہیں ہو گی، دہشتگردوں اور سہولت کاروں کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے، ریاست کی رٹ کسی کو چینلج نہیں کرنے دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومتی معاہدے پر عملدرآمد، لیاقت بلوچ کا محسن نقوی سے ٹیلیفونک رابطہ

محسن نقوی نے کہا کہ بلوچستان کی سکیورٹی فورسز، فرنٹیئر کور، پولیس اور لیویز کی ضروریات کو پورا کیا جائے گا، بلوچستان سے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کرنے کا وقت آگیا ہے، ہمارے لوگوں کو شہید کرنے والوں کو بھاگنے یا چھپنے نہیں دیں گے، سیکیورٹی فورسز اور عوام ایک ہیں۔ چند عناصر امن کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہیں۔

اس موقع پر گورنر بلوچستان نے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں کیے فیصلوں کو بروقت اور قیام امن کے لیے ناگزیر قرار دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp