نیپرا نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا، حتمی منظوری کے لیے وفاقی حکومت کو ارسال

جمعہ 6 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمت میں ایک روپے 75 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی ہے۔

نیپرا کی جانب بجلی کی قیمت میں اضافے سے متعلق اعلامیہ جاری کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ مالی سال 24-2023 کی چوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں بجلی قیمتوں میں کمی کے لیے مختلف منصوبے زیر غور، آئی پی پیز کے معاملے پر جلد خوشخبری دیں گے، وزیر توانائی

نیپرا اتھارٹی نے بجلی قیمت میں اضافے کا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا ہے، جو حتمی منظوری دے گی۔

نیپرا کے مطابق یہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ ستمبر، اکتوبر اور نومبر کے بلوں میں وصول کی جائے گی۔ سال24-2023 کی تیسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ 0.93 روپے فی یونٹ اگست میں ختم ہوجائے گی، جبکہ ستمبر کے بلوں میں سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 0.82 روپے کا اضافہ ہوگا۔

دوسری جانب نیپرا نے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 37 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دے دی ہے۔

نیپرا کا کہنا ہے کہ بجلی صارفین کو 37 پیسے فی یونٹ کمی کا ریلیف ستمبر کے بلوں میں دیا جائے گا۔ جبکہ جون کی فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ 2 روپے 56 پیسے اضافے کے ساتھ اگست کے بلوں میں وصول کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں کیا پنجاب کی طرح دیگر صوبے بھی بجلی کی قیمت میں کمی کریں گے؟

نیپرا کے مطابق ستمبر کے بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 2 روپے 93 پیسے کی کمی ہوگی، اور دونوں ایڈجسٹمنٹ ملا کر صارفین کو ستمبر کے بلوں میں 2 روپے 11 پیسے فی یونٹ ریلیف دیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp