بھارت میں پرویز مشرف کی خاندانی جائیداد کی نیلامی، 3 گنا زیادہ میں فروخت

اتوار 8 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت کی ریاست اترپردیش کے باغپت ضلع کے کوتانہ گاؤں سابق صدر پاکستان پرویز مشرف کی خاندانی جائیداد کو نیلام کردیا گیا، پرویز مشرف کی خاندانی زمین اپنی قیمت سے 3گنا زیادہ میں فروخت ہوئی۔  2010 میں بھارت سرکار نے اسے دشمن کی ملکیت قرار دے رکھا تھا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیلامی 1965 اور 1971 کی جنگوں کے بعد پاکستان ہجرت کرنے والوں کی طرف سے چھوڑی گئی دشمن کی جائیدادوں کا انتظام کرنے کے لیے بھارت کی وسیع حکمت عملی کا حصہ ہے۔

بھارتی ریاست اتر پردیش کے باغپت کے گاؤں کوٹانہ میں سابق صدر پرویز مشرف کی 2ہیکٹر زمین جمعہ کو 1.38 کروڑ بھارتی روپے میں نیلام ہوئی۔ پاکستانی روپے کے حساب سے یہ رقم 4کروڑ 58 لاکھ روپے بنتی ہے۔

مزید پڑھیں: سپریم کورٹ: پرویز مشرف کی فیملی اپیلوں میں دلچسپی نہیں رکھتی، وکیل سلمان صفدر

بھارتی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ حکام نے اس زمین کی فروخت کی تصدیق کردی ہے جسے 2010 میں بھارت میں پاکستانی شہریوں کے اثاثوں کے انتظام کے ضوابط کے تحت دشمن کی جائیداد قرار دیا گیا تھا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق یہ زمین مشرف کے خاندان سے منسلک بتائی جاتی ہے۔ حالانکہ اس گاؤں میں نہ تو پرویز مشرف اور نہ ہی ان کے قریبی رشتہ دار رہتے تھے۔ ان کے چچا ہمایوں کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ تقسیم سے پہلے وہاں مقیم تھے۔

اطلاعات کے مطابق براؤت کے سب ڈویژنل مجسٹریٹ امر ورما نے بھارتی صحافیوں کو تصدیق کی کہ مشرف کے دادا کوٹانہ میں رہتے تھے، لیکن پرویز مشرف کبھی وہاں نہیں گئے۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا نے بتایا کہ، نورو کے نام سے درج زمین کے مالک اور مشرف کے درمیان کوئی براہ راست دستاویزی تعلق نہ ہونے کے باوجود، 1965 میں ہجرت کرنے والے ایک پاکستانی شہری کی ملکیت ہونے کی وجہ سے اس جائیداد کو دشمن کی جائیداد کے طور پر درج کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پرویز مشرف غداری کیس میں کب کیا ہوا؟

واضح رہے یہ نیلامی 1965 اور 1971 کی جنگوں کے بعد پاکستان ہجرت کرنے والوں کی طرف سے پیچھے رہ جانے والی دشمن کی جائیدادوں کا انتظام کرنے کے لیے بھارت کی وسیع حکمت عملی کا حصہ ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp