اسلام آباد کی حدود میں سنگجانی کے مقام پر پی ٹی آئی کا جلسہ جاری ہے، اس دوران بعض عناصر کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کے نتیجے میں متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ہیں، جس کے بعد ہی پولیس کی سپورٹ کے لیے ایف سی کے دستوں کو طلب کر لیا گیا ہے۔
اسلام آباد انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کو مقررہ وقت ختم ہونے کے بعد منتشر ہونے کے لیے نیا نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر جلسہ فوری طور پر منتشر نہ کیا گیا تو پی ٹی آئی پر مقدمہ درج کیا جائے گا اور قانون حرکت میں آئے گا۔
یہ بھی پڑھیں:جلسے کا وقت ختم، پولیس حرکت میں آ گئی، پی ٹی آئی کارکنوں کا پتھراؤ، صورتحال کشیدہ ہو گئی
اتوار کو رات 7 بجے کے بعد پی ٹی آئی کو دیے گئے وقت کے اختتام کے بعد اسلام آباد انتظامیہ نے نیا نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے جلسہ کی اجازت کے لیے طے کیے گئے ضوابط کی خلاف ورزی کی ہے، پولیس پر پتھراؤ بھی کیا ہے، پر امن رہنے کے عہد پر بھی عمل نہیں کیا گیا۔
انتظامیہ نے نوٹس میں مزید کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے خلاف ورزی پر فوری جلسے کا این او سی منسوغ کیا جاتا ہے، لہٰذا پولیس کو قانون کی عملداری کے لیے فوری کارروائی کا حکم دیا جاتا ہے۔
ادھر وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ اور ایس ایس پی کے زخمی ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
مزید پڑھیں: ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی وارننگ: جلسہ مقررہ وقت پر ختم نہ ہوا تو کارروائی ہوگی
محسن نقوی نے قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف کارروائی کے احکامات جاری کرتے ہوئے زخمی پولیس جوانوں کو فوری طبی امدادی کی بھی ہدایت کی ہے۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے زخمی ایس ایس پی شعیب خان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔
ادھر مجسٹریٹ اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف کو جاری کیے جانے والے نئے نوٹس میں کہا ہے کہ جلسہ گاہ فوری خالی نہ کی گئی تو قانون حرکت میں آئے گا۔
مجسٹریٹ اسلام آباد کی جانب سے جاری نئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کو بار بار یاد دہانی کرائی گئی ہے کہ جلسہ کا وقت 7 بجے تک ہے ۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں بلا اجازت جلسے پر 3 سال تا 10 سال قید ہوگی، صدر کے دستخط کیساتھ اسمبلی سے منظور بل قانون بن گیا
ادھر پی ٹی آئی کو جلسہ منتشر کرنے کے وقت میں ایک گھنٹے کی تاخیر ہو چکی ہے جبکہ انتظامیہ نے ایف سی کی بھاری نفری جلسہ گاہ کی جانب روانہ کر دی ہے ، ایف سی کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر پی ٹی آئی کے کارکنوں نے مزید کوئی بدامنی پھیلانے کی کوشش کی تو وہ فوری ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں۔
مجسٹریٹ نے اپنے نوٹس میں یہ بھی کہا ہے کہ پی ٹی آئی انتظامیہ جلسے کے لیے دیے گئے این او سی پر عملدرآمد کرے، اگر ایسا نہیں ہوتا تو پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عامر ڈوگر کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔