عمران خان کا اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کے دروازے بند کرنے کا اعلان

منگل 10 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ سمیت تمام فریقین سے مذاکرات کے دروازے بند اور لاہور میں 21 ستمبر کو ہر صورت پی ٹی آئی کا جلسہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہاکہ اسٹیبلشمنٹ نے ہمیں دھوکا دیا ہے، آج سے پارٹی کو ہدایت کررہا ہوں کہ کوئی بھی اسٹیبلشمنٹ سے کسی قسم کی بات چیت نہیں کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی رہائی کے لیے 2 ہفتے کی ڈیڈلائن دیتا ہوں، علی امین گنڈا پور کا جلسہ عام سے خطاب

انہوں نے کہاکہ اسٹیبلشمنٹ نے ہمیں 22 اگست کا جلسہ منسوخ کرنے کا پیغام بھیجا تھا، 8 ستمبر کی تاریخ بھی اسٹیبلشمنٹ نے ہمیں دی تھی، میں آج سے اسٹیبلشمنٹ سمیت کسی فریق سے بھی مذاکرات کے دروازے بند کررہا ہوں۔

عمران خان نے کہا کہ میں نے 6 پارٹی رہنماؤں کو اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کی اجازت دے رکھی تھی، میں نے کبھی کسی کو بات چیت سے نہیں روکا، ہمیں اجازت ملے یا نہ ملے 21 ستمبر کو لاہور میں جلسہ کریں گے۔

علی امین گنڈاپور کو اسٹیبلشمنٹ نے اٹھایا، عمران خان

انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کو کل رات اسٹیبلشمنٹ نے اٹھایا، ایک صوبے کے وزیراعلیٰ کو اٹھا کر آپ نفرتیں بڑھا رہے ہیں۔ اس موقع پر ایک صحافی نے عمران خان سے سوال کیا کہ علی امین گنڈاپور کے بیانات سے بغاوت کا تاثر جاتا ہے، کیا آپ بغاوت کی ترغیب دے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: علی امین گنڈاپور کو تحویل میں لے لیا گیا، بیرسٹر گوہر، شیر افضل مروت اسلام آباد سے گرفتار

صحافی کے سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ ہم نے کون سی بغاوت کی ہے، علی امین گنڈا پور نے قوم کے جذبات کی ترجمانی کی ہے، میں ان کے ساتھ کھڑا ہوں۔

بانی پی ٹی آئی سے ایک اور صحافی نے سوال کیا کہ علی امین گنڈا پور کی تقریر پر آپ کے پارٹی رہنما معافیاں مانگ رہے ہیں، جس پر عمران خان نے کہاکہ علی امین گنڈا پور کے بیان پر معافی مانگنے والے بزدل اور ڈرپوک ہیں، انہیں پارٹی میں نہیں ہونا چاہیے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پہلے ہی بلوچستان آپ کے ہاتھ سے نکل چکا ہے، فیصل واوڈا کن کا ماؤتھ پیس ہے سب کو پتا ہے، ٹھیک ہے آپ ارشد شریف قتل کیس کا اوپن ٹرائل کر لیں سب سامنے آ جائے گا، فیصل واوڈا جنرل فیصل نصیر سے ملاقات کے لیے میرے پیچھے پیچھے پھرتا تھا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی آئی ایم ایف سے ڈیل کا علم نہیں۔

’میں نہیں مانتا کہ قاضی فائز عیسیٰ نے توسیع لینے سے انکار کردیا ہو‘

انہوں نے کہاکہ یہ آج بھی یحییٰ خان والی پالیسی کو لے کر چل رہے ہیں، اعلیٰ عدلیہ سے درخواست ہے کہ جمہوریت اور قانون کی بالادستی کو بچائیں۔

عمران خان نے کہاکہ ملک میں اس وقت غیر اعلانیہ مارشل لا نافذ ہے، قاضی فائز عیسیٰ کو لانے کے لیے پیکج لایا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور 8 گھنٹے کہاں غائب رہے؟

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ میں یہ بات نہیں مانتا کہ قاضی فائز عیسیٰ نے مدت ملازمت میں توسیع لینے سے انکار کردیا ہے، کیونکہ یہ قانون سازی ہی ان کے لیے ہورہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp