حکومت عدلیہ سے متعلق قانون سازی کے لیے نمبر پورے کرنے میں ناکام ہوگی، عمر ایوب کا دعویٰ

منگل 10 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ عدلیہ سے متعلق قانون سازی کے لیے حکومت کے عزائم ناکام ہوں گے، یہ ایوان میں اکثریت ثابت نہیں کرسکیں گے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عمران خان نے سیاسی جماعتوں سے بات چیت کے لیے محمود اچکزئی کو اختیار دے رکھا ہے، وہ جس سے بھی چاہیں مذاکرات کرسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں عمران خان کا اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کے دروازے بند کرنے کا اعلان

اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ موجودہ ملکی حالات انتہائی سنگین ہیں، معیشت دن بدن نیچے جارہی ہے، اور لوگوں کے گھروں کا چولہا جلنا مشکل ہوگیا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ ملک میں نئے الیکشن کرائے جائیں۔

عمر ایوب نے کہاکہ ہم نے جلسوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے، اور اب ملک بھر میں اجتماعات کریں گے، ہمارا اگلا جلسہ لاہور میں ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ صوابی میں ہم نے تاریخی جلسہ کیا، جبکہ اسلام آباد میں تمام تر رکاوٹوں اور پکڑ دھکڑ کے باوجود بھرپور جلسہ کرنے میں کامیاب رہے۔

عمر ایوب نے کہاکہ علی امین گنڈاپور گزشتہ روز کسی اہم میٹنگ کے سلسلے میں اسلام آباد میں موجود تھے، اور وہاں جیمر لگے ہونے کی وجہ سے ان سے رابطہ ممکن نہ ہوسکا۔

یہ بھی پڑھیں کسی بھی جج کی ایکسٹینشن عدلیہ کی آزادی پر قدغن، جوڈیشل پیکیج کی مخالفت کریں گے، بیرسٹر گوہر

انہوں نے کہاکہ میں کل قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی پوری کوشش کروں گا اور اس سے قبل حفاظتی ضمانت لوں گا، کیونکہ مجھ پر مقدمات قائم کیے گئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp