ٹاپ اور فلاپ اداکاروں کا تعین کون کرتا ہے؟ کرینہ کپور نے سب بتادیا

بدھ 11 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بالی ووڈ کی بیبو کرینہ کپور کو فلم انڈسٹری میں آئے 25 برس بیت چکے ہیں اور مگر انہیں آج بھی فلموں کی کامیابی کی ضمانت سمجھا جاتا ہے۔ حال ہی میں انہوں نے ایک پروگرام میں شرکت کی اور بتایا کہ ان 25 برسوں میں انہوں نے بالی ووڈ فلم انڈسٹری میں کیسے اپنے قدم جمائے رکھے۔

کرینہ کا کہنا تھا کہ وہ اپنے کیریئر میں 75 سے 80 فلمیں کرچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں حیران ہوتی ہوں کہ ’کبھی خوشی کبھی غم‘ کو ریلیز ہوئے 22 سال اور ’جب وی میٹ‘ کو ریلیز ہوئے 17 برس ہوچکے ہیں لیکن اس کے باوجود ان دونوں فلموں میں جو کردار میں نے ادا کیے وہ آج بھی زندہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ماہ ستمبر میں کون سی بالی ووڈ فلمیں ریلیز ہورہی ہیں؟

کرینہ کپور کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے فلمی صنعت میں قدم رکھا، اس دور میں اور آج کے دور میں بہت کچھ بدل چکا ہے، اب فلموں میں کہانی اور اسکرپٹ پر توجہ دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلمسازوں کو اسکرپٹ اور ڈائیلاگ لکھنے والوں پر  توجہ دینی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ آج کی فلم انڈسٹری میں کام ایجنٹس، مینیجرز اور پبلک ریلیشنز کے لوگوں کے درمیان تقسیم ہوچکا ہے اور یہی لوگ طے کرتے ہیں کہ آج کل کون سا اداکار ہٹ ہے اور کون فلاپ، تاہم انہوں نے کہا کہ ان کے طے کردہ یہ نئے ٹرینڈز طویل نہیں ہوتے اور یہ ہفتہ وار بنیاد پر تبدیل ہوتے رہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سیف علی خان کس بات پر جھگڑتے ہیں، کرینہ کپور نے راز افشا کردیا

کرینہ نے کہا کہ 25 برسوں میں وہ یہ جان چکی ہیں کہ فلموں کی کامیابی میں کیا زیادہ اہم ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلمیں قصہ گوئی اور جاندار اداکاری کی بدولت کامیاب ہوتی ہیں، ڈائریکٹرز اور اداکاروں کی کارکردگی انتہائی اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔

کرینہ کپور نے فلم انڈسٹری میں نئے آنے والوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے کام پر توجہ مرکوز رکھیں، زیادہ اہم یہ ہے کہ کیمرے کے سامنے کیا ہورہا ہے، کیمرے کے پیچھے بہت شور ہوتا ہے، لیکن یہ اداکار کی پرفارمنس ہوتی ہے جو اسے دوسروں سے ممتاز بناتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کرینہ کپور کی نئی فلم ’بکنگھم مرڈرز‘ کا دلچسپ ٹریلر جاری

کرینہ کا کہنا تھا کہ وہ اپنے کیریئر کے دوران مواقع کے پیچھے نہیں بھاگیں بلکہ کام خود چل کر ان کے پاس آیا، اگر کبھی کچھ اچھا نہیں ہوا تو میں نے خود کے اور اپنے کام کے ساتھ سچائی اور دیانت داری برتی اور بالاآخر سب کچھ ٹھیک ہوتا گیا۔

واضح رہے کہ کرینہ کی سسپینس اور تھرل سے بھرپور فلم ’دی بکھنگم مرڈرز‘ 13 ستمبر کو ریلیز کی جارہی ہے۔ اس فلم کے ڈائریکٹر ہنسل مہتا ہیں۔ یہ فلم قتل کی تحقیقات کے بارے میں ہے۔ اس فلم میں کرینہ کپور ایک ماں اور ڈیٹیکٹو سارجنٹ جسمیت بھمرا کا کردار ادا کررہی ہیں۔ فلم میں کرینہ کپور ایک 10 سالہ بچے کے قتل کی تحقیقات کرتی نظر آئیں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp