ڈیم فنڈ کی رقم وفاق کو دینے کا معاملہ، آڈیٹر جنرل و دیگر فریقین طلب

بدھ 11 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سپریم کورٹ نے ڈیم فنڈ کی رقم حکومت کے حوالے کرنے اور ڈیمز کی تعمیر اور عملدرآمد بینچ سے متعلق معاملے پر آڈیٹر جنرل، عدالتی معاونین اور دیگر فریقین کو طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 3 ہفتے کے لیے ملتوی کردی ہے۔ دیامر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم فنڈ کیس میں آج حکومت نے سپریم کورٹ سے ڈیم فنڈ کی رقم مانگی تھی۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 4 رکنی بینچ نے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈز کیس کی سماعت کی، جس کے دوران  ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے ایک متفرق درخواست دائر کی ہے، ہماری استدعا ہے کہ ڈیم فنڈ کے پیسے وفاق اور واپڈا کو دیے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں: جسٹس ثاقب نثار کے قائم کردہ ڈیم فنڈ میں 6 ارب روپے سے زائد اضافہ کیسے ہوا؟

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ کی نگرانی میں اسٹیٹ بنک نے اکاؤنٹ کھولا تھا، جس پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا کہ ڈیم فنڈ میں کتنے پیسے ہیں۔ واپڈا کے وکیل سعد رسول نے جواب دیا کہ ڈیم فنڈ میں تقریباً 20 ارب روپے موجود ہیں۔

چیف جسٹس نے سوال کیا کہ یہ کیس شروع کیسے ہوا جس پر واپڈا کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ نے واپڈا کے زیر سماعت مقدمات کے دوران 2018 میں ازخود نوٹس لیا تھا، سپریم کورٹ کے ڈیم فنڈ عمل درآمد بینچ نے 17 سماعتیں کیں۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ہائیکورٹ: ڈیم فنڈ پر چیف جسٹس کا اختیار ختم کرنے کے لیے درخواست دائر

چیف جسٹس نے واپڈا کے وکیل سے پوچھا کہ واپڈا کے اور بھی کئی منصوبے ہوں گے، کیا سپریم کورٹ واپڈا کے ہر منصوبے کی نگرانی کرتی ہے۔ واپڈا کے وکیل نے جواب دیا کہ ڈیمز کی تعمیر کے معاملے پر پرائیویٹ فریقین کے درمیان بھی تنازعات تھے جو سپریم کورٹ نے متعلقہ عدالتوں کے بجائے اپنے پاس سماعت کے لیے مقرر کیے۔ واپڈا کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ پرائیویٹ فریقین کے تنازعات متعلقہ عدالتی فورمز پر ہی چلائے جانے چاہیں۔ عدالت نے کیس کا متعلقہ ریکارڈ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت میں مختصر وقفہ کردیا۔

وقفے کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت دوبارہ شروع کی اور رقم وفاقی حکومت کو دینے کے معاملے پر آڈیٹر جنرل آف پاکستان کو نوٹس جاری کردیا۔ سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ ڈیم فنڈ کی رقم وفاق کو دینے سے متعلق معاونت کی جائے، آڈیٹر جنرل پاکستان خود یا مجاز افسر آئندہ سماعت پر پیش ہوں، عدالت نے 2 سابق اٹارنی جنرلز خالد جاوید اور انور منصور کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: دیامر بھاشا ڈیم کے متاثرین کو فی کس 47 لاکھ روپے معاوضہ ادا کیا جائے، صدر مملکت کی ہدایت

سپریم کورٹ نے عدالتی معاون مخدوم علی خان کو بھی آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا نوٹس جاری کردیا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ ڈیمز کی تعمیر اور عملدرآمد بینچ سے متعلق عدالت کی معاونت کی جائے۔ سپریم کورٹ نے مقدمے کے دیگر فریقین کو بھی نوٹسز جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت آئندہ 3 ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ جولائی 2018 میں اس وقت کے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے ملک بھر میں پانی کی قلت پر از خود نوٹس لیتے ہوئے مختلف ڈیمز کی تعمیر کے لیے ڈیم فنڈز کے قیام کا اعلان کیا، اس ضمن میں انہوں نے چیف جسٹس اور پرائم منسٹر ڈیم فنڈ کے نام سے ایک بینک اکاؤنٹ بھی بنایا تھا، جس میں پاکستان سمیت دنیا بھرسے پاکستانیوں نے عطیات جمع کرائے تھے۔ انہوں نے ریٹائرمنٹ کے بعد ڈیمز کی  اپنی نگرانی میں تعمیر کی خواہش کا بھی اظہار کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp