حوثی باغیوں نے اسرائیل پر میزائل داغ دیا، سائرن بج گئے

اتوار 15 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

یمن کے حوثی باغیوں نے اسرائیل پر میزائل حملہ کیا ہے، جس سے اسرائیل میں حملے کے سائرن بج گئے جبکہ اسرائیلی شہروں نے محفوظ پناہ گاہوں کی طرف دوڑ لگا دی۔

عرف میڈیا کے مطابق یمن کے حوثیوں کی جانب سے داغا گیا میزائل وسطی اسرائیل کے غیرآباد علاقے میں گرا ،میزائل حملے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: حوثیوں کے زیر اثر الحُدیدہ ایئرپورٹ پر امریکی اور برطانوی طیاروں کے حملے

حوثیوں کے میزائل حملے سے تل ابیب اور وسطی اسرائیل میں فضائی حملے کے سائرن بج گئے جس کے بعد علاقے کے رہائشی محفوظ پناہ گاہوں کی جانب بھاگ کھڑے ہوئے۔

خطے میں بلند آوازیں بھی سنی گئیں جو اسرائیلی فوج کے مطابق میزائل کو روکنے والے دفاعی نظام کی تھیں۔

یاد رہے کہ رواں سال جولائی میں یمن کے حوثی باغیوں نے تل ابیب پر ایک طویل فاصلے تک مار کرنے والا ڈرون داغا جس میں ایک شخص ہلاک اور 4 دیگر زخمی ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: حوثی باغیوں نے 3 کروڑ ڈالر مالیت کا امریکی ڈرون مار گرایا

جولائی میں ہونے والے حوثی باغیوں کے ڈرون حملے کے بعد اسرائیل کی یمن کی حدیدہ بندرگاہ کے قریب حوثیوں کے فوجی اہداف پر ایک بڑا فضائی حملہ کیا تھا، جس میں کم از کم 3 حوثی باغی جاں بحق اور 87 زخمی ہوگئے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp