21ویں صدی میں دنیا ہر گزرتے دن کے ساتھ جدت کی نئی بلندیوں کو چھوتی جارہی ہے۔ ایجادات کے اس دور میں ہر شعبہ زندگی میں ٹیکنالوجی کا اہم کردار شامل ہوتا جا رہا ہے۔
بات ہو اگر پاکستان کی تو بیشتر شعبے ٹیکنالوجی کے استعمال کو یقینی بنا کر کام کو آسان سے آسان تر کرتے جارہے ہیں۔ ملک میں تعلیم، صحت سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی میں ڈیجیٹلائزیشن کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگیا ہے۔ بلوچستان میں جہاں تعلیمی ادارے ڈیجیٹلائز ہوتے جا رہے ہیں وہیں کوئٹہ میں اپنی نوعیت کے پہلا مدرسے کا بھی آغاز ہوگیا ہے جو مکمل دینی تعلیم ڈیجیٹل طور پر فراہم کررہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں اب تعلیمی اداروں میں اے آئی ٹیچرز بھرتی کیے جائیں گے؟
کوئٹہ کے علاقے شہباز ٹاؤن میں قائم اس مدرسے میں حفظ قرآن سمیت دیگر دینی علوم کو ڈیجیٹل آلات کے ذریعے بچوں تک منتقل کیا جارہا ہے۔
اس مدرسے میں بچوں کو ڈیجیٹل لیکچر فراہم کیے جاتے ہیں، اس کے علاوہ یوٹیوب کے ذریعے بھی دنیا بھر کے اعلیٰ ترین اساتذہ (قاریوں) کی قرات سے بچوں کی سماعتوں کو منور کیا جاتا ہے۔ جبکہ بچے ہیڈ فونز کے ذریعے بھی قرآنی آیات اور ان کے تراجم کو بآسانی سن سکتے ہیں۔
تعلیمی ادارے میں 15 سے 20 بچے قرآن پاک حفظ کررہے ہیں، وائس پرنسپل
مدرسے کے وائس پرنسپل سید محب اللہ نے وی نیوز کو بتایا کہ کوئٹہ میں ڈیجیٹل مدرسے کا خیال یوں آیا کہ ملک کے بیشتر بڑے شہروں میں دینی تعلیم کے ایسے ادارے قائم ہیں جو ڈیجیٹل سہولیات سے مکمل طور پر آراستہ ہیں۔
انہوں نے کہاکہ وقت کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے بھی کوئٹہ کے لوگوں کے لیے ڈیجیٹل مدرسہ کھولنے کا فیصلہ کیا۔ اس وقت ہمارے تعلیمی ادارے میں 15 سے 20 بچے قرآن پاک حفظ کررہے ہیں جنہیں مکمل سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔
سید محب اللہ نے کہاکہ مدرسے میں جہاں وقت کو مد نظر رکھتے ہوئے تمام تر ڈیجیٹل سہولیات موجود ہیں وہیں بچوں کے ساتھ شفقت اور پیار کا رویہ اختیار کیا جاتا ہے کہ کہیں وہ تعلیم سے بدگمان نہ ہوں، اس کے علاوہ ادارے میں بچوں کو ایک وقت کی ریفریشمنٹ بھی دی جاتی ہے جس میں ان کے لیے چائے کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں 120 پاکستانیوں نے امریکا میں اعلیٰ تعلیم کے لیے فلبرائٹ اسکالرشپ حاصل کرلی
انہوں نے بتایا کہ یہ بلوچستان میں اپنی طرز کا یہ پہلا ادارہ ہے جو مکمل طور پر ڈیجیٹل سہولیات سے آراستہ ہے، اس کے علاوہ بچوں کی حاضری کا نظام بھی ڈیجیٹل طریقے سے مانیٹر کیا جاتا ہے جبکہ ادارے کی ایک ایپ بھی موجود ہے جس میں مدرسے کے حوالے سے تمام تر تفصیلات موجود ہوتی ہیں۔